پی ایس ایل کے بقیہ میچز میں بائیو سیکیورٹی کا پلان تیار

154

کراچی: پی ایس ایل 5 کے بقیہ میچز میں بائیوسیکیورٹی کا پلان تیارکر لیا گیاہے، جس کے مطابق کھلاڑی ہوٹل اور اسٹیڈیم تک ہی محدود رہیں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ فرنچائزز کو آگاہ کر دیا گیا ہے کہ اگر کوئی مثبت کورونا کیس سامنے آیا تو اب لیگ کو نہیں روکا جائے گا،ہوٹل فلورز پر ہی ایک آئسولیشن روم بنایا جائے گا،وائرس زدہ کھلاڑی میں اگرعلامات کم ہوئیں یا طبیعت زیادہ خراب نہ ہوئی تو اسے وہاں منتقل کرنے کا سوچا گیا ہے، البتہ اگر کسی کی حالت زیادہ خراب ہوئی تو اسے اسپتال بھیجا جائے گا،کھلاڑی ہوٹل اور اسٹیڈیم تک ہی محدود رہیں گے۔

پی سی بی نے اگلے مرحلے تک پہنچنے والی چاروں ٹیموں سے 5،5نام مانگے تھے،مذکورہ 20کرکٹرز بھی بائیو ببل میں ہی رہیں گے،انجری یا کورونا کیس کی صورت میں کوئی ٹیم ان میں سے ہی کسی کو بطور متبادل لے سکے گی، البتہ یہ ضروری نہیں ہوگا کہ وہ اپنے ہی نامزد کردہ کسی کھلاڑی کا انتخاب کرے، ہر اسکواڈ میں پہلے ہی 18،18پلیئرز شامل ہوں گے۔

ہوٹل میں روم سروس کرنے والے ویٹر کو اندر آنے کی اجازت نہیں ہوگی اور وہ دروازے پر ہی کھانا وغیرہ رکھ کر جائینگے، کمرے کی صفائی وغیرہ بھی اسی وقت ہو سکے گی جب کھلاڑی میچ یا ٹریننگ کیلیے اسٹیڈیم گئے ہوئے ہوں۔

فرنچائزز نے پی سی بی کے پلانز پر اطمینان ظاہر کیا ہے، انھیں امید ہے کہ ایونٹ کا خوش اسلوبی سے اختتام ہوگا۔