صحافت کی اتحادی تنظیم برائے خواتین نے ایک رپورٹ شائع کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ ماہ دنیا بھر میں خواتین صحافیوں پر حملوں اور ہراسانی میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق صرف اکتوبر میں دنیا بھر میں خواتین صحافیوں پر جسمانی حملوں ، قانونی طور پر ہراساں کرنے ، نظربندی ، گرفتاریوں اور آن لائن حملوں کے 87 واقعات ریکارڈ کیے گئے جبکہ ستمبر میں یہ تعداد 54 ریکارڈ کی گئی تھی۔
نیویارک میں قائم صحافت کی اتحادی تنظیم برائے خواتین ایک غیر منافع بخش تنظیم ہے جو دنیا بھر میں موجود خواتین صحافیوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرتی ہے۔ تنظیم نے 2020 میں اب تک خواتین صحافیوں کو مخلتف نوعیت کے پیش آنے والے 540 سے زیادہ مسائل درج کیے ہیں جن میں سے 109 جسمانی حملے، کام میں رکاوٹیں تھیں ، تین قتل تھے ، 63 منظم مہمات ، اور 15 جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کے واعقت شامل ہیں۔
اس کے علاوہ 47 خواتین صحافیوں کو گرفتار کیا گیا، 86 خواتین کو حراست میں رکھا گیا اور 67 صحافیوں کو قانونی طور پر ہراساں کیا گیا۔