گلشن اقبال،ہیلتھ کلب کی آڑ میں غزنوی پارک کی زمین پر قبضہ

73

کراچی (رپورٹ:منیر عقیل انصاری)کراچی کے علاقے گلشن اقبال بلاک16 میں واقع غزنوی پارک کی اراضی پر بلڈر مافیا نے قبضہ کر لیااور پرائیویٹ ہیلتھ کلب کے نام پر تعمیرات بھی شروع کردی ہے۔علاقہ مکینوں نے قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی نہ کرنے کی صورت میں احتجاجی تحریک چلانے کی دھمکی دی ہے۔تفصیلات کے مطابق گلشن اقبال بلاک16 میںپارک کی 2ہزار گززمین پر بلڈر مافیا نے قبضہ کر کے تعمیرات شروع کرادی ہیںجہاں کمرے بنائے جا رہے ہیں۔اس حوالے سے گلشن اقبال محلہ ایکشن کمیٹی کے کنوینر اور سابق یو سی ناظم طیب خضر باقی نے جسارت سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گلشن اقبال بلاک 16 میں واقع غزنوی پارک پر آباد کے سابق چیئرمین بابر چغتائی نامی بلڈر نے پرائیویٹ ہیلتھ کلب کے نام پر پارک کی2 ہزار گز زمین پر قبضہ کرکے تعمیرات کا آغاز کر دیا ہے اور بلڈر مافیا نے محلہ ایکشن کمیٹی کی جانب سے غزنوی پارک کے اطراف میں قبضے کے خلاف لگائے گئے احتجاجی بینرز کو پھاڑ کر پھینک دیا ہے جبکہ احتجاج کرنے والوں کو جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ غزنوی پارک سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان کے دور میں بنایا گیا تھا اور یہ گلشن اقبال بلاک16 کا واحد پارک ہے جہاں شہری اپنے اہل خانہ کے ساتھ تفریح کے غرض سے آتے تھے لیکن بلڈر مافیا لوگوں سے یہ سستی تفریح کا موقع بھی چھین رہا ہے۔ طیب خضر باقی نے کہا کہ بلڈر مافیا نے پارک کی زمین پر جعلی کاغذات بنواکر تعمیرات شروع کر دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم اہل محلہ غزنوی پارک کی زمین پر قبضہ نہیں ہونے دیں گے اور بلڈر مافیا کے خلاف ہر سطح پر بھر پور احتجاج کریں گے۔انہوں نے وزیر بلدیات سندھ، سیکرٹری بلدیات، بلدیہ عظمیٰ کراچی سمیت دیگر متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ غزنوی پارک کی اراضی پر قبضے کا نوٹس لیا جائے اور قبضہ کی گئی اراضی واگزار کروا کر متعلقہ زمین کو پارک کا حصہ بنایا جائے بصورت دیگر 12 اپارٹمنٹس پرمشتمل گلشن اقبال محلہ ایکشن کمیٹی اس کیخلاف بھر پو ر احتجاجی تحریک کا آغاز کرنے پر مجبور ہوگی۔