قال اللہ تعالیٰ وقال رسول اللہ ﷺ

98

اور جب ہماری واضح آیات انہیں سنائی جاتی ہیں تو اِن کے پاس کوئی حجت اس کے سوا نہیں ہوتی کہ اٹھا لاؤ ہمارے باپ دادا کو اگر تم سچے ہو۔ اے نبیؐ، اِن سے کہو اللہ ہی تمہیں زندگی بخشتا ہے، پھر وہی تمہیں موت دیتا ہے، پھر وہی تم کو اْس قیامت کے دن جمع کرے گا جس کے آنے میں کوئی شک نہیں، مگر اکثر لوگ جانتے نہیں ہیں۔ زمین اور آسمانوں کی بادشاہی اللہ ہی کی ہے، اور جس روز قیامت کی گھڑی آ کھڑی ہو گی اْس دن باطل پرست خسارے میں پڑ جائیں گے۔ (سورۃ الجاثیہ: 25تا27)
سیدنا سمرہ بن جندبؓ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہؐ نے ارشاد فرمایا: جو شخص بغیر عذر کے جمعہ چھوڑ دے اس کو چاہیے کہ ایک دینار صدقہ دے اگر ایک دینار نہ پا سکے تو نصف دینار یا ایک صاع یا ایک مد صدقہ دے۔(السنن الکبری للبیہقی)
عبد اللہ ابن عباس رضی اللہ عنہ سے سوال کیا گیاکہ ایک شخص دن کو روزہ رکھتا ہے اور رات بھر نماز پڑھتا ہے مگر نہ جمعہ کی نماز میں حاضر ہوتا ہے اور نہ جماعت کے ساتھ نماز ادا کرتا ہے؟ فرمایا: ایسا شخص جہنمی ہے۔(ترمذی)