حکومت گرانے اور بنانے کا اختیار کسی ادارے کو نہیں ،مریم نواز

84

اسکردو( آن لائن) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں ووٹ چوری ہوا تو اس کا تماشا پوری دنیا دیکھے گی ،حکومت بنانے اور گرانے کا اختیار کسی ادارے کو نہیں صرف عوام کو ہے۔عوام ووٹ کی پامالی نہ ہو نے دیں،الیکشن سے قبل پارٹی کے 8 سے9 لیگی امیدواروں کی وفاداریاں تبدیل کی گئیں ،نواز شریف کا پیغام ہے کہ پارٹی کی پیٹھ میں چھرا گھونپنے والوں کو عوام ووٹ نہ دیں اور الیکشن پولنگ ڈے پر ان لٹیروں کا گھیرائو کریں۔عمرا ن خان جعلی وزیر اعظم ہیں ،تبدیلی سرکار نے پاکستان میں تباہی مچا دی ، گلگت بلتستان کی عوام ووٹ کی طاقت سے اس خطے کو تباہی سے بچائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز اسکردو پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو اور عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔مریم نواز نے کہا کہ ہمیں سمجھ ہے کہ وزیراعظم مجبور ہے اور اسے اپنے حقوق نہیں پتا وہ خود کسی کی نوکری کرتا ہے۔گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات کے لیے مسلم لیگ (ن) کے 16 میں سے 8-9 امیدواروں کو توڑا جاچکا ہے۔ جوپارٹی کی پیٹھ میں چھرا گھونپ دے وہ ووٹ کا حق دار نہیں ہے۔جعلی وزیراعظم کا گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کا وعدہ جھوٹ ہے ، حکومت کو آخری دھکا گلگت بلتستان کے عوام لگائیں گے ۔مریم نواز نے حکومت اور وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بنا تے ہو ئے کہا کہ 50 لاکھ گھر بنانے اور ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ جھوٹا ہے، تمہارا ہر وعدہ جھوٹا ہے، تمہارا گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کا وعدہ فریب ہے اور اس چالاکی کو گلگت کے عوام بخوبی جانتے ہیں۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ جھوٹے وعدے کرنے والے کو گھر پہنچا کر آنا ہے، یہ جو منہ پر ہاتھ پھیر کر بات کرتا ہے یہ جانے والا ہے، ان کو پریشانی بلا وجہ نہیں بلکہ یہ جاتا نظر آرہا ہے، بس آخری دھکا گلگت کے عوام لگائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی فوج کی دل سے قدر کرتے ہیں لیکن ان کی جگہ ہمارے دلوں اور سرحدوں پر ہے، فوج کی جگہ پولنگ اسٹیشن میں نہیں ہے۔(ن) لیگ کی نائب صدر کا کہنا تھا کہ حکومت گرانے یا بنانے کا اختیار کسی ادارے یا چند افراد کو نہیں بلکہ اس کا اختیار صرف عوام کو ہے، الیکشن والے د ن آپ نے حق اور حرمت کیلیے کھڑ ا ہوناہے، اگر گلگت بلتستان میں ووٹ چوری ہوا تو تماشا پوری دنیا دیکھے گی، جو چوری ہونا تھی ہوگئی اب اس کے بعد عوام اجازت نہیں دیں گے، اگر عوام دیکھیں کہ ووٹ چوری ہورہا ہے تو ان کرداروں کو بے نقاب کریں۔