بھارتی اقدامات سے ریاست کشمیر کا وجود خطرے میں ہے‘ صلاح الدین

118

مظفر آباد (صباح نیوز) حزب المجاہدین کے سربراہ اور متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین سید صلاح الدین نے واضح کیا ہے کہ کشمیری قوم نے کبھی بھی کسی جبری غلامی اور فوجی تسلط کو قبول نہیں کیا، بھارتی اقدامات سے ریاست کشمیر کا وجود خطرے میں پڑ چکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ 1947ء میں صرف 3 دن کے اندر3 لاکھ سے زائد مسلمان قابض فورسز کے ہاتھوں شہید کردیے گئے۔ برصغیر کی تاریخ کے یہ سیاہ ترین دن ہیں، آر ایس ایس کی پشت پناہی والی مودی حکومت بھی5اگست 2019ء سے ریاست کے اکثریتی مسلم تشخص کو ختم کرنے کے درپے ہے۔ بھارت کے غاصبانہ قبضے کے نتیجے میں آج تک5 لاکھ سے زائد کشمیری شہید، لاکھوں زخمی، ہزاروں خواتین بیوہ اور لاکھوں بچے یتیم ہوچکے ہیں۔آخرعالمی برادری کب تک محض تماشائی کی حیثیت سے یہ صورتحال دیکھے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ لاکھوں شہداکالہو ضائع نہیں ہوگا، آزادی کا سورج کو طلوع ہوکررہے گا۔