قائداعظم ٹرافی کا تیسرا رائونڈ آج سے سدرن پنجاب کی پوزیشن مستحکم

117

کراچی(سید وزیر علی قادری) پاکستان کے پریمیئر فرسٹ کلاس کرکٹ ٹورنامنٹ قائداعظم ٹرافی کے تیسرے رائونڈ کا آغاز آج سے کراچی کے 3 مختلف گرائونڈز پر ہوگا۔اس رائونڈ کی تکمیل کے بعد ڈومیسٹک سیزن کی کرکٹ میں 11 روز کا وقفہ ہوگا اور اس دوران پاکستان سپر لیگ 5ویں ایڈیشن کے بقیہ پلے آف میچز اور فائنل کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔قومی کرکٹ ٹیم اور پاکستان شاہینز کے دورہ نیوزی لینڈ سے قبل یہ قائداعظم ٹرافی کا آخری رائونڈ ہوگا لہذا اس رائونڈ میں متاثرکن کارکردگی کی بدولت نوجوان اور باصلاحیت کرکٹرز سلیکٹرز کی توجہ اپنی طرف مبذول کرواسکتے ہیں۔ سدرن پنجاب کی ٹیم اب تک ایونٹ میں ناقابل شکست ہے۔ شان مسعود کی زیرقیادت سدرن پنجاب کی ٹیم اب تک اپنے دونوں میچز جیت چکی ہے، گزشتہ سیزن میں کھیلی گئی قائداعظم ٹرافی میں وہ صرف ایک میچ ہی جیت سکی تھی۔ نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دلچسپ میچ میں سدرن پنجاب نے بلوچستان کو میچ کے آخری روز 4 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ ٹورنامنٹ کے تیسرے رائونڈ میں اب ان کا مقابلہ خیبر پختونخوا سے ہوگا ، دونوں ٹیمیں نیشنل بینک اسپورٹس کمپلیکس میں مدمقابل آئیں گی۔لیگ اسپنر زاہد محمود سدرن پنجاب کی بولنگ لائن اپ کا سب سے مئوثر ہتھیار ثابت ہورہے ہیں، وہ اب تک ایونٹ کے2 میچوں میں 17 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ سدرن پنجاب کی جانب سے اب تک سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولرز کی فہرست میں سلمان علی آغا کا نمبر دوسرا ہے۔ وہ اب تک 2 میچوں میں 5 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ ایونٹ میں ڈبل سنچری اسکور کرنے والے آل رائونڈر حسین طلعت اب تک 2 میچوں میں 306 رنز بنا کر سدرن پنجاب کے بہترین بلے باز ہیں۔