مہنگائی کیخلاف بیوروکریسی کے حق میں بولنے والے سیکرٹری فوڈ فارغ

68

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیراعظم عمران خان نے کابینہ اجلاس میں بیوروکریسی پر مہنگائی کا الزام مسترد کرنے والے سیکرٹری فوڈ کو عہدے سے ہٹا دیا، گریڈ22 کے آفیسر عمر حامد خان کو اوایس ڈی بنا دیا گیا، سیکرٹری فوڈ نے کہا تھا کہ مہنگائی کی ذمہ دار صرف بیوروکریسی نہیں ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سیکرٹریٹ گروپ گریڈ 22 کے سیکرٹری فوڈ اینڈ سیکورٹی
عمر حامد خان کو عہدے سے ہٹا کر او ایس ڈی بنا دیا ہے۔ان کی جگہ عبد الغفران کو سیکرٹری فوڈ اینڈ سیکورٹی تعینات کردیا ہے۔ جبکہ سابق سیکرٹری کو اسٹیبلشیمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن نے نئے سیکرٹری کی تعیناتی کا نوٹفکیشن جاری کر دیا ہے۔ اسی طرح گریڈ 21 کے ایوب چودھری کو ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ مقرر کردیا ہے۔یاد رہے کابینہ کے پچھلے اجلاس میں کابینہ ارکان نے مہنگائی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا۔اس موقع پر وفاقی سیکرٹری فوڈ سکیورٹی نے وزراء کی الزام تراشی کا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ مہنگائی کی ذمہ داری ہم پر کیوں ڈالی جارہی ہے؟ بیوروکریسی مہنگائی کی ذمہ دار نہیں ہے۔ ہم 30 سال سروس کرچکے ہیں۔ لیکن آج مہنگائی کی ذمہ داری ہم پر ڈال دی گئی، یہ ساری ذمہ داری ہم پر نہ ڈالی جائے۔