گستاخانہ خاکوں کی اشاعت عالمی امن تباہ کرنے کی سازش ہے،جاوید قصوری

96

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت نے پوری دنیا کے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے، جو کھلی دہشت گردی کے مترادف ہے۔ ایٹمی طاقت پاکستان کے حکمرانوں کی جانب سے توہین رسالت کیخلاف صرف مذمت کافی نہیں بلکہ اس کے لیے عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ حکومت پاکستان فوری طور پر فرانس سے سفارتی تعلقات منقطع کرے، حکومتی سطح پر فرانس کی مصنوعات پر پابندی عائد کرے۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت پر حکمرانوں کا تقریروں تک محدود رہنا قابل مذمت ہے۔ ناموس رسالت کی حفاظت ہر مسلمان کا فرض ہے اور ہمارے ایمان کی بنیاد ہے۔ مسلمان کسی صورت اس فرض کو بھلا نہیں سکتے مگر بدقسمتی اسلامی ریاست کے حکمران اللہ اور رسولﷺ کی خوشنودی حاصل کرنے کے بجائے امریکا اور استعمار کی خوشنودی میں لگے اور فرانس کیخلاف عملی اقدامات کرنے سے قاصر ہیں، جس کی پوری قوم شدید مذمت کرتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی حلقہ خواتین لاہور کے زیر اہتمام فرانس میں خاکوں کی اشاعت، ان خاکوں کو سرکاری عمارتوں پر لگانے اور فرانسیسی صدر کی جانب سے توہین رسالت کا ارتکاب کرنے کیلاف ناصر باغ پر خواتین کی احتجاجی ریلی نکالی۔ ناموس رسالتﷺ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ریلی کی قیادت ڈپٹی سیکرٹری جنرل ثمینہ سعید، ڈائریکٹر امور خارجہ ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی، ناظمہ وسطی پنجاب ربیعہ طارق، ناظمہ لاہور ڈاکٹر زبیدہ جبیں، فلاح خاندان کی ڈائریکٹر عافیہ سرور اور دیگر ذمے داران نے کی۔ احتجاجی ریلی میں صدر رابطہ حلقہ جماعت اسلامی حلقہ خواتین وسیم اسلم قریشی، سیکرٹری رابطہ حلقہ خواتین عتیق عامر، ڈپٹی سیکرٹری جماعت اسلامی لاہور عمر شہباز و دیگر قائدین نے کی۔ میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ شان رسالتﷺ دنیا کی ہر چیز سے افضل ہے۔ اس کے لیے جان کا نذرانہ پیش کردینا مسلمانوں کے لیے اعزاز ہے۔ فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت سے پوری دنیا کے مسلمانوں میں غم و غصہ پایا جارہا ہے۔ اسلام دشمن قوتیں کی اسلام مخالفت برداشت کی آخری حدوں تک پہنچ گئی ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ فرانس اور اس کے حمایتی ممالک سے ہر طرح کے تعلقات ختم کیے جائیں اور ان کی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت عالمی امن کو تباہ کرنے کی گہری سازش ہے۔ عالمی سطح پر انسانی حقوق کا چیمپئن اقوام متحدہ اربوں مسلمانوں کی دل آزاری پر مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے۔ میاں ذکر اللہ مجاہد نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ پوری امت مسلمہ کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت پر عالمی عدالت سے رجوع کرے۔ اس معاملے کو عالمی سطح پر پوری طاقت کیساتھ پیش کیا جائے اور پاکستان سے فرانسیسی سفیر کو فی الفور ملک بدر کیا اور فرانسی مصنوعات کا سرکاری سطح پر بائیکاٹ کیا جائے۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل ثمینہ سعید، امور خارجہ ڈاکٹر سمیہ راحیل قاضی، صدر وسطی پنجاب ربیعہ طارق، ڈاکٹر زبیدہ جبیں، فلاح خاندان کی ڈائریکٹر عافیہ سرور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے دل شاتمین کی جسارت سے زخمی ہیں، ہم میں سے ہر خاتون چاہتی ہے کہ آپﷺ کی عزت وحرمت کی حفاظت کے لیے کچھ نہ کچھ ضرور کرے تاکہ روز محشر ہم ام عمارہ کی صف میں کھڑے ہوکر سرخرو ہوسکیں۔