بھارتی فوج نے مزید 2 کشمیریوں کو شہید کردیا

243

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے ریاستی دہشتگردی کرتے ہوئے مزید 2 کشمیریوں کو شہید کردیا.

کشمیر میڈیا سروس (کے ایم ایس) کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشتگردی کا سلسلہ تھم نہ سکا،تازہ کارروائی کے دوران مقبوضہ وادی کے ضلع پلوامہ میں بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کی آڑ میں 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید اور 2 کو شدید زخمی کردیا.

قابض بھارتی فوج نے علاقے کا محاصرہ کرکے گھر گھر تلاشی کا سلسلہ شروع کردیا جبکہ علاقے کے داخلی وخارجی راستوں کو بند کرکے سرچ آپریشن شروع کردیا اور انٹرنیٹ، موبائل فون سروس سمیت تمام مواصلاتی سسٹم کو بھی بند کردیا.

دوسری جانب قابض بھارتی فوج کی ریاستی دہشتگردی اور ظالمانہ کارروائی کے خلاف کشمیریوں کا احتجاجی سلسلہ جاری ہے.

خیال رہے کہ 5 اگست 2019 کو بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی اور الگ حیثیت کا خاتمہ کرکے اسے بھارت کا غیر قانونی طور پر حصہ بنا لیا تھا جبکہ مقبوضہ وادی پر قابض بھارت کے کرفیو کو 14 ماہ سے زائد ہوچکے ہیں.