نواز شریف فوج کو کہہ رہا ہے بغاوت کرو،عمران خان

172

سوات/حسن ابدال(خبرایجنسیاں) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف فوج کو کہہ رہا ہے بغاوت کرو۔سوات میں صحت سہولت کارڈ کا افتتاح کرنے کے بعد جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے قائد نے پہلے این آر او کی بڑی کوشش کی، وہ اور بیٹی دونوں چپ رہے لیکن جب اسے یہ بات سمجھ آگئی کہ این آراو نہیں ملنے والا تو اس نے باہر سے گیم شروع کردیا، پاک فوج اور عدلیہ پر حملے شروع کردیے، فوج سے کہہ رہا ہے کہ اپنے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور آئی ایس آئی چیف لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو بدلو، یہ صرف اپنا پیسہ بچانے کے لیے لندن میں بیٹھ کر فوج کو بغاوت کا کہہ رہا ہے، اس سے بڑا ملک دشمن کون ہوسکتا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ نواز شریف بیماری کی اداکاری کرکے لندن جاکر بیٹھ گیا، ہمیں اس پر ترس آگیاتھا، عورتیں اس کی شکل دیکھ کر رونے لگتی تھیں، عدالتوں کو بھی ترس آگیا کہ عمران خان اسے باہر جانے دو، میں نے عدالتوں سے کہا کہ کم از کم 7 ارب تو رکھ لو کیونکہ یہ پیسے کا پجاری ہے لیکن وہ چلا گیا۔عمران خان کا کہنا تھاکہ پاکستان میں خواتین کا احترام ہے، مریم نواز نے خاتون ہونے کا فائدہ اٹھاکر فوج کو نشانہ بنارہی ہے، کوئی اور ملک ہوتا تو مریم کو جیل کے اندر ہوتی، نوازشریف گیدڑوں کی طرح باہر بیٹھ کر بات کر رہا ہے ۔انہوںنے کہاکہ ملک میں ڈراما ہورہا ہے اور سارے بڑے ڈاکو اکٹھے ہوگئے ہیں، آپ کے گھر میں کوئی ڈاکا مار کر ساری چیزیں لوٹ لے تو گھر بچانے، کھانے پینے، علاج اور تعلیم کے لیے قرضے لینے پڑتے ہیں، جب مقروض گھر والا ڈاکوؤں کو پکڑ کر پیسہ واپس مانگتا ہے تو ڈاکو کہتے ہیں کہ ہم قانون سے بالاتر ہیں پیسہ واپس نہیں کریں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ نوازشریف نے آصف زرداری کو دو بار جیل میں ڈالا، نوازشریف پر کیس زرداری نے کیے، آج دونوں اکٹھے ہو کر این آر او مانگ رہے ہیں، جس دن میں نے اپنی کرسی بچانے کے لیے ان ڈاکوؤں کو این آر او دیا میں اس دن اپنے ملک سے سب سے بڑی غداری کروں گا، ملک کو فلاحی ریاست بنانے اور قانون کی بالادستی کے لیے اپنا پورا زور لگارہا ہوں۔علاوہ ازیں حسن ابدال میں ریلوے اسٹیشن کی اپ گریڈیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کو ایسا ملک بنانا چاہتے ہیں جسے باہر سے قرضے نہ مانگنا پڑیں،ایم ایل ون کی صورت میں پاکستان میں پہلی دفعہ چین بڑی سرمایہ کاری کررہا ہے، ایم ایل ون 9 ارب ڈالرکا منصوبہ ہے۔ چین کے ساتھ بات چیت کے ذریعے اس منصوبے کو 6 ارب ڈالر تک لے آئے ہیں۔ ایم ایل ون منصوبے سے کراچی سے لاہور کا سفر صرف 7 گھنٹے کا ہو جائے گا۔ منصوبے کے تحت ٹریک پر انڈر اور اوور پاسز بنیں گے۔ گیٹ لگیں گے اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔