کورونا سے مزید 30اموات، 20نومبر سے شادی ہالز پر پابندی (ماسک نہ پہننے پر جرمانہ ہوگا)

134

اسلام آباد ‘کراچی‘پشاور(خبر ایجنسیاں+ اسٹاف رپورٹر)کورونا سے مزید 30اموات‘ 20 نومبرسے شادی ہالز پر پابندی‘ماسک نہ پہننے پر جرمانہ ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی )نے آج ہفتہ سے ملک بھر میں احتیاطی تدابیر کے دوسرے مرحلے کے نفاذ کا فیصلہ کیا ہے،دوسرے مرحلے کا نفاذ 31 جنوری 2021ء تک رہے گا جس کے تحت ملک بھر میں کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔شادی کی تقاریب سے متعلق این سی او سی نے فیصلہ کیا ہے کہ احتیاطی تدابیر کے دوسرے مرحلے میں ان ڈور شادی کی تقریبات پر پابندی عاید ہوگی جس کا اطلاق 20 نومبر سے ہوگا تاہم شادی کی تقریبات کھلی فضا میں منعقد کرنے کی اجازت ہوگی اور کھلی فضا میں منعقد کی جانے والی تقریب میں ایک ہزار تک مہمان شریک ہوسکیں گے۔این سی او سی نے فیصلہ کیا ہے کہ کورونا کی بڑھتی ہوئی وبا کے دوران سرکاری و نجی اداروں کے ملازمین سے متعلق بنائی گئی پالیسی پر عمل درآمد کرایا جائے گا اس لیے تمام سرکاری و نجی اداروں کے لیے ہدایت ہے کہ وہ آج سے اپنا آدھا عملہ بلائیں اور آدھے عملے سے گھر سے دفتری کام مکمل کرائیں۔ احتیاطی تدابیر کے دوسرے مرحلے کا نفاذ کورونا کے حساس شہروں میں ہوگا ،ان میں کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، ملتان، حیدرآباد، گلگت، مظفر آباد، میرپور، پشاور، کوئٹہ، گوجرانوالہ، گجرات، فیصل آباد، بہاولپور، ایبٹ آباد شامل ہیں۔دوسرے مرحلے میں فیس ماسک کے لیے گلگت بلتستان ماڈل پر عمل درآمد ہوگا، گلگت بلتستان کی طرز پر ماسک نہ پہننے والوں کو 100 روپے جرمانہ عاید کیا جائے گا اور اس کے عوض اسے3 ماسک فراہم کیے جائیں گے۔ علاوہ ازیں محکمہ داخلہ سندھ نے صوبے بھر میں کورونا ایس اوپیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے جس کے مطابق احتیاطی تدابیر کے دوسرے مرحلے کا آج 7 نومبر سے نفاذ ہوگاجب کہ حکومت سندھ نے بعض پابندیاں عاید کرانے کے لیے وفاقی حکومت سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے،وفاقی حکومت سے مشاورت میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کے علاوہ بعض دیگر پابندیاں عاید کرنے کی تجاویز پیش کی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبے میں COVID- 19کی بگڑتی ہوئی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام اداروں بشمول کاروباری ، سماجی، مذہبی ، تعلیمی اداروں کو معیاری آپریشنل طریقہ کار (ایس او پیز) پر سختی سے عملدرآمد کرنے کی ہدایت کی ہے ،عدم تعمیل کی صورت میں عمل نہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا ہے۔ کراچی انتظامیہ نے کورونا پھیلنے کے خدشات کے پیش نظر شہریوں کے لیے ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا ہے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی اور 500روپے تک جرمانہ عاید کیا جائے گا۔ادھر ضلعی انتظامیہ پشاورنے صوبائی دارالحکومت کے مزید علاقوں میں آج سہ پہر 4 بجے سے لاک ڈان نافذ کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کر دیاہے۔علاوہ ازیںنیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کورونا وائرس کے حوالے سے تازہ ترین اعداد وشمار جاری کر دیے ہیں۔جمعہ کو این سی او سی سے جاری کردہ اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے 1 ہزار 376 مریضوں کے ٹیسٹ مثبت آئے اور 30 افراد اس وائرس سے جاں بحق ہوئے جن میں سے 28 افراد اسپتالوں میں اور 2 مریض گھروں میں قرنطینہ کے دوران جاں بحق ہوئے۔