اثاثہ جات کیس‘اعجاز جاکھرانی سمیت 5 ملزمان پر فرد جرم عاید

64

سکھر (صباح نیوز‘آن لائن) سکھر کی احتساب عدالت نے مشیر جیل خانہ جات اعجاز جاکھرانی سمیت 5 ملزمان پر فرد جرم عاید کر دی۔ اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت میںپیپلزپارٹی رہنما کے علاوہ سابق ٹائون چیئرمین جیکب آباد عباس جاکھرانی، عبدالرزاق بہرانی، سردار ظہیر اور لبنیٰ خاتون پر بھی فرد جرم عاید کی گئی، ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا۔ جس پر عدالت نے سماعت 24 نومبر تک ملتوی کردی ۔نیب ذرائع کے مطابق ملزمان پر 78 کروڑ سے زائد اثاثے بنانے کا ریفرنس عدالت میں زیر سماعت ہے۔ واضح رہے کہ اعجاز جاکھرانی اور لبنیٰ نامی خاتون ضمانت پر رہا ئی جبکہ باقی 3 ملزمان جیل میں قید ہیں۔علاوہ ازیں محکمہ تعلیم لاڑکانہ میں جعلی بھرتیوں کا انکشاف ہوا ہے، نیب نے تحقیقات شروع کر کے افسران کو طلب کر لیا۔ ذرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر لاڑکانہ اور اکاؤنٹس افسر لاڑکانہ 10 نومبر کو ریکارڈ سمیت پیش ہوں گے۔افسران نے 2008ء سے 2012ء تک 3 سو سے زائد جعلی آئی ڈیز بنا کر کروڑوں روپے تنخواہیں جاری کیں۔