بلاول کا بیان ذاتی رائے ہے، نواز شریف نے حقائق بتائے، ن لیگ

97

پاکستان مسلم لیگ ن نے کہا ہے کہ بلاول زرداری کا بیان ان کی ذاتی رائے ہے، نواز شریف نے حقائق بتائے،گوجرانوالہ جلسے میں نواز شریف نے جو کہا تھا وہ ہمارے حکومتی تجربات ہیں، جو تجربات ہمارے ہیں وہ پیپلز پارٹی کے نہیں ہیں۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری کے انٹرویو پر ردعمل دیتے ہوئے مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے ترجمان محمد زبیر کا کہنا تھا کہ بلاول نے کراچی واقعے کے بعد نواز شریف کی بات کی تائید کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ جو اظہار نواز شریف نے کیا تھا وہ کہانی کی بنیاد پر نہیں تھا بلکہ حقائق تھے، نواز شریف نے گوجرانوالہ جلسے میں جو کہا تھا وہ ہمارے حکومتی تجربات ہیں، جو تجربات ہمارے ہیں وہ پیپلز پارٹی کے نہیں ہیں،انہوں نے کہا کہ2013ء سے 2018ء تک ن لیگ کی حکومت تھی، پیپلزپارٹی کی نہیں،ہم عدالت میں نہیں کہ ثبوت پیش کریں، سب سے پہلے سلیکٹڈ بلاول نے کہا تھا ہم نے نہیں، اگر عمران خان سلیکٹڈ ہیں تو سلیکٹ کرنے والا کون ہے۔ ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے بلاول زرداری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ چیئرمین پیپلز پارٹی کی ذاتی رائے ہے، لیکن نواز شریف جو بتا رہے ہیں وہ حقائق پر مبنی ہے، اس حقیقت کے گواہ قائد نواز شریف خود اور پاکستان کے عوام ہیں۔