افغان دارالحکومت کابل میں دھماکے کے نتیجے میں سابق ٹی وی اینکر یماسیاوش سمیت 3 افراد ہلاک ہوگئے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہفتے کی صبح شہر کے مصروف علاقے میں کار بم دھماکے کی اطلاع پر پولیس اور سیکورٹی ادارے جائے دھماکا پہنچے تو لاشوں کو اسپتال منتقل کیا۔
دھماکے میں ہلاک ہونے والے کارسوار شخص کی شناخت یماسیاوش کے نام سے ہوئی جو کہ سابق ٹی وی اینکر تھے اور سیاسی امور پر پروگرام کرتے تھے جب کہ دیگر دو شہریوں کی شناخت نہیں ہو سکی۔
پولیس ڈسٹرکٹ9 میں آئی ای ڈی دھماکے میں یما سیاوش کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ آئی ای ڈی کار میں نصب کی گئی تھی۔
دھماکے میں گاڑی مکمل تباہ ہوگئی جب کہ فوری طور پر کسی گروہ نے واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔