ملک پر مسلط لوگوں نے نظریہ ، تہذیب اور شناخت سب تباہ کردیا، سراج الحق

141

پشاور(نمائندہ خصوصی)امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک مشکل صورت حال سے دوچار ہے، ایسے لوگ مسلط ہیںجنہوں نے ہمارے نظریے،تہذیب اور شناخت کو تباہ کردیا ہے۔ حکومت میں رہنے والی سابق پارٹیوں کی سیاست کا حصہ نہ بننے کے جماعت اسلامی کے فیصلے کو عوام نے سراہا ہے ۔ہم چاہتے تھے کہ حکومت خود کو سدھار لے مگر اس کا ڈھائی سالہ دور ملک کی تاریخ کا بدترین وقت ثابت ہواہے۔ حکمرانوںکو ووٹ اور سپورٹ دینے والے سب پچھتارہے ہیں ۔ مہنگائی اوربیر وزگاری عوام کے لیے ناقابل برداشت ہوچکی ہے ۔نوجوان اپنے بکھرتے خوابوں سے پریشان ہیں۔ ملکی معیشت اور زراعت تباہ ، تجارت ختم ،کاروبار بند اور ترقی کا پہیہ رک گیا ہے ۔ ملک میںمایوسی ،بدامنی اور بے چینی کاراج ہے ۔ ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھے شخص کو بھی کچھ سجھائی نہیں دے رہا ۔ موجودہ اور سابق حکومتوں میںکوئی فرق نہیں، موجودہ حکومت بھی سابق حکومتوں کا تسلسل ہے ۔ جماعت اسلامی کے پاس عوام کے لیے متبادل پروگرام ہے جس میں آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی غلامی کا کوئی تصور نہیں ہے ۔ جماعت اسلامی چاہتی ہے کہ بلاتفریق احتساب ہو اور پارلیمنٹ میں موجود تمام کرپٹ لوگوں کو جیل میں ہونا چاہیے۔ مہنگائی اور بیر وز گاری کے خلاف بونیر میں ہونے والا جلسہ ملکی تاریخ کے بڑے جلسوں میں سے ایک ہوگا ۔ جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ سابق اور موجودہ حکمران پارٹیوں میں کوئی فرق نہیں یہ ایک کلچر اور نظریے کے لوگ ہیںجبکہ جماعت اسلامی ایک فکری تحریک ہے ۔ ہمارا نعرہ، اٹھنا ، بیٹھنا غلبہ اسلام کے لیے ہے ۔ اسلامی حکومت کے قیام کو ہم اپنا اولین فریضہ سمجھتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ ہم پاکستان میں طاغوتی اور استحصالی نظام کے بجائے اسلام کے عادلانہ نظام کا قیام چاہتے ہیں۔مغرب اور مغربی استعمار کے غلام ہمارے خاندانی نظام کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ جماعت اسلامی کی حکومت قائم ہوگی تو ہم سیکورٹی اور دفاع کے بعد سب سے زیادہ بجٹ تعلیم کے لیے مختص کریں گے، اساتذہ کوعزت وتوقیر اور ہرپاکستانی بچے کومفت تعلیم دیں گے ، ہمارے پاس ملک میں تعلیمی انقلاب کے لیے مکمل ایجنڈاہے ۔بے گھرلوگوںکو گھر اور بے روز گار نوجوانوں کو بے روزگاری الائونس دیں گے ۔ انہوںنے کہا کہ سابق او ر موجودہ حکمران پارٹیوں کی ناکامی کے بعداب قوم کے پاس جماعت اسلامی کی صورت میں صرف ایک ہی آپشن ہے،جماعت اسلامی کے پاس ملکی مسائل کے حل اور تعمیر و ترقی کا ایک مکمل ایجنڈا اور پروگرام موجود ہے ۔ہم قوم کو متبادل سیاسی ، تعلیمی ، معاشی اور عدالتی نظام دیں گے ۔