بہتر لاجسٹک سے دشمن کی مہم جوئی کا موثر جواب دیا جاسکتا ہے، آرمی چیف

54

راولپنڈی(اے پی پی)بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاہے کہ موثر لاجسٹک سپورٹ کی فراہمی مجموعی پیشہ ورانہ اور عسکری تیاریوں میں اہمیت کی حامل ہے،موثر لاجسٹک نظام دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کی صورت میں مثبت کارروائی میں بھی معاون ہوتا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی طرف سے جاری اعلامیے کے مطابق ان خیالات کا اظہار بری فوج کے سربراہ نے ہفتے کو لاہور کور کی لاجسٹک تنصیبات کے دورے کے موقع پر کیا۔ آرمی چیف نے کہاکہ موثر لاجسٹک سپورٹ کی دستیابی دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کی صورت میں مثبت کارروائی اور مجموعی پیشہ ورانہ اور عسکری تیاریوں کو بہتر بنانے میں بھی معاون ہوگی۔ چیف آف لاجسٹک اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل اظہر صالح عباسی نے اس موقع پر آرمی چیف کا خیر مقدم کیا ،کوارٹر ماسٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل عامر عباسی اور فور کور کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان بھی اس موقع پر موجود تھے۔