اپوزیشن جماعتیں اپنے اپنے مسائل کو لے کر چل رہی ہیں، عارف شیرازی

111

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی سید عارف شیرازی نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں اپنے اپنے مسائل کو لے کر چل رہی ہیں۔جبکہ جماعت اسلامی قومی مسائل اور ایشوز پر عوام کی نمائندگی کر رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سید مودودی ؒ بلڈنگ میں ضلعی عہدیداران کے ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس اجلاس میں تنظیمی، دعوتی، تربیتی اور سیاسی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ مختلف کمیٹیوں کے ذمے داران کو امیر ضلع نے تفویض کردہ امور سے متعلق ہدایات دیں۔ اس اجلاس میں نائب امیر ضلع رضا احمد شاہ نے اپنی نئی ذمے داری کا حلف بھی اُٹھایا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سید عارف شیرازی نے کہا کہ الحمد للہ ! نئے سیشن کے لیے اچھی اور باصلاحیت ٹیم کا انتخاب کیا گیا ہے۔ ان شا اللہ ! مل کر راولپنڈی ضلع میں کام کریں گے۔ تربیتی اور تنظیمی امور پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نائب اُمراء قومی اسمبلی کے حلقہ کی سطح پر تمام امور کی نگرانی کریں گے۔ جبکہ صوبائی اسمبلی کے دو حلقوں کے اُمراء اور الخدمت فائونڈیشن کے صدور ان کے معاونین ہوں گے۔ پانچ افراد کی یہ ٹیم مل کر کام کرے گی۔ سید عارف شیرازی نے کہا کہ آنے والے بلدیاتی انتخابات کی بھر پور تیاری کی جائے۔قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کے تعین کے لیے ہر قومی اسمبلی کے حلقے کی سطح پر ارکان جماعت کے اجتماعات منعقد کیے جائیں گے۔