اسلام آباد میں 3  غیر ملکی خواتین کو  ہراساں کرنے کا واقعہ

37

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)دارالحکومت اسلام آباد کی مارگلہ کی پہاڑیوں پر 3 غیر ملکی خواتین کو ہراساں کیے جانے کا واقعہ پیش آیا۔مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں ہائیکنگ کے لیے جانے والی تین غیر ملکی خواتین کو سنیاڑی جنگل میں نامعلوم افراد نے ہراساں کیا اور خواتین کے شور مچانے پر ملزمان فرار ہوگئے۔واقعے کے بعد دو خواتین راستہ بھٹک کر ہری پور کی حدود میں داخل ہو گئیں، بعد ازاں تینوں خواتین کو بحفاظت تھانہ
کوہسار پہنچا دیا گیا۔ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) آپریشنز اسلام آباد نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں روانہ کردی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس ٹیمیں جنگل میں سرچ آپریشن کر رہی ہیں اور جلد ملزمان پولیس کی گرفت میں ہوں گے۔پولیس ذرائع کے مطابق خواتین کا تعلق اٹلی، ناروے اور ترکی سے ہے۔اٹلی اور ترکی سے تعلق رکھنے والی خواتین اقوام متحدہ کی خوراک اور زراعت سے متعلق تنظیم (ایف اے او) میں ملازمت کرتی ہیں، جبکہ ناروے سے تعلق رکھنے والی خاتون عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) میں ملازمت کرتی ہیں۔