احتیاط: واٹس ایپ ہیک کیے جانے کے واقعات میں اضافہ

273

کراچی: پاکستان میں واٹس ایپ استعمال کرنے والے ہوشیار ہوجائیں کیونکہ پیغامات کی ایپلی کیشن واٹس ایپ ہیک کیے جانے کے واقعات میں اضافہ ہونے لگے ہے ۔

خبر رساں اداروں کے مطابق  پیغام رسانی کے لیے استعمال ہونے والی سب سے بڑی موبائل ایپلی کیشن واٹس ایپ سے جہاں موبائل صارفین کو بہت زیادہ سہولت میسر ہے وہیں ایک نئی مشکل نے صارفین کے گرد گھیرا تنگ کردیا ہے جبکہ کسی کو بھی کوڈ دینے سے گریز کرنے کا کہا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں واٹس ایپ استعمال کرنے والے ہوشیار ہوجائیں کیونکہ ملک بھر میں واٹس ایپ ہیک کرنے والا گروپ سرگرم ہوگیا ہے اور اب تک واٹس ایپ ہیک کیے جانے کے متعدد واقعات رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ  ماہرین نے واٹس ایپ استعمال کرنے والے صارفین کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دوست یا جاننے والے کے نام سے میسج میں کوڈ مانگا جائے تو ہرگز جواب نہ دیں کیونکہ میسج پر کسی کو کوڈ دیتے ہی آپ کا واٹس ایپ ہیک کر لیا جائے گا۔

واضح رہے فروری 2019 میں پاکستانی صارفین کے متعدد اکاؤنٹس ہیک ہوئے تھے جس پر پی ٹی اے نے ایک پیغام جاری کیا تھا اور موبائل اپیلی کیشن استعمال کرنے والوں کو تاکید کی تھی کہ وہ حفاظتی سیکیورٹی فیچرز استعمال کریں۔

دوسری جانب گزشتہ برس دسمبر میں بھی واٹس ایپ اکاونٹس ہیک کرنے کے واقعات سامنے آئے تھے جس پر پی ٹی اے نے  واٹس ایپ انتظامیہ سے رابطہ کرکے پاکستانی صارفین کی تفصیلات مانگی تھیں تاکہ ان سب اکاونٹس کو محفوظ بنایا جاسکے۔

خیال رہے اگرآپ کے کسی بھی رابطے والے نمبر سے آپ کو واٹس ایپ پر ایک پیغام آتا ہے جس میں آپ سے کہا جاتا ہے کہ 6 ہندسوں کا ایس ایم ایس کوڈ غلطی سے بھیج دیا گیا ہے اور  اس ایس ایم ایس پر لکھا ہوا کوڈ اس رابطے نمبر پر واپس بھیج دیں اور آپ جیسے ہی یہ کوڈ اس نمبر کو بھیجتے ہیں تو آپ کا واٹس ایپ ہیک ہو جائے گا، احتیاط لازم ہے۔