مریم بی بی! دھاندلی کا بیانیہ ٹرمپ کا نہیں چلا تو آپ کیا چلے گا،فردوس عاشق

51

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مریم بی بی! دھاندلی کا بیانیہ ٹرمپ کا نہیں چلا تو آپ کا کیا چلے گا۔پنجاب میں معاون خصوصی کی ذمے داریاں سنبھالنے کے بعد ڈاکٹر فرودس عاشق اعوان ٹوئٹر پر بھی متحرک ہوگئی ہیں۔انہوں نے اتوار کو مختلف ٹوئٹس میں اپوزیشن رہنمائوں مریم نواز اور بلاول زرداری کی گلگت بلتستان کی انتخابی مہم کے دوران کی گئی تقریروں پر بھی تند وتیز تبصرے کیے۔ امریکی انتخابات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے ٹوئٹ کیا کہ مریم بی بی! دھاندلی کا بیانیہ ٹرمپ کا نہیں چلا تو آپ کا کیا چلے گا۔ ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ حکومت جا نہیں رہی حکومت آگے بڑھتی جا رہی ہے اور آگے بڑھتی ہی جائے گی، تحریک انصاف کی حکومت اس قوم کو ایک عظیم قوم بنا کے ہی دم لے گی۔ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے گلگت بلتستان میں انتخابات سے پہلے ہی دھاندلی کا شور مچانا شروع کردیا۔ چور مچائے شور کے مصداق آج ان کو اپنا دور یاد آ رہا ہے جب ان کی حکومت میں گلگت بلتستان میں دھاندلی کے ذریعے نتائج بدلے گئے۔ ان کو ہم یقین دلاتے ہیں کہ ان شااللہ نئے پاکستان میں ایسا نہیں ہوگا۔ فردوس عاشق اعوان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مریم بی بی اوربلاول بھول گئے ہیں کہ گلگت بلتستان میں نواز لیگ اورپیپلز پارٹی اپنی اپنی باریاں لگا چکے ہیں لیکن نتیجہ ہمیشہ صفر نکلا۔یہ تحریک انصاف کی حکومت ہے جس نے گلگت بلتستان کواختیارات دینے کا دیرینہ مطالبہ مکمل کرنے کاوعدہ کیا،ان شا اللہ ہم گلگت بلتستان کی تقدیربدل کردکھائیں گے ۔