امریکا کی نئی انتظامیہ ٹرمپ کی غلطیوں کا تدارک کرے، ایران

102

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک)ایران نے کہا ہے کہ امریکا کی نئی انتظامیہ ٹرمپ کی غلطیوں کا تدارک کرے۔ایران کے صدر حسن روحانی نے جوبائیڈن کے امریکی صدارتی انتخاب میں کامیابی کے اعلان کے بعد بیان دیا ہے کہ نئی امریکی انتظامیہ کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی غلطیوں کی تلافی کے لیے اس موقعے کا بھرپور استعمال کرنا چاہیے۔ایرانی سرکاری ٹی وی سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ امریکی عوام نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نقصان دہ پالیسی کا جواب انتخابی عمل میں مخالفت کی صورت میں دیا۔صدر حسن روحانی نے جوبائیڈن کی زیر نگرانی انتظامیہ کو ماضی کی غلطیوں کو ختم کرنے پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ ایران دنیا کے ساتھ تعمیری رابطے کا حامی ہے۔حسن روحانی نے کہا کہ ایرانی عوام نے کمال بہادری کے ساتھ مزاحمت کا مظاہرہ کیا اور زیادہ سے زیادہ دباؤ کی پالیسی کو نا کام کردیا۔علاوہ ازیں ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے ٹوئٹ میں کہا کہ امریکی عوام صدارتی انتخاب میں اپنا فیصلہ سنا دیا۔انہوں نے کہا کہ اور دنیا دیکھ رہی ہے کہ آیا نئے قائدین سبکدوش ہونے والی حکومت کی تباہ کن لاقانونیت اور غنڈہ گردی کو ترک کردیں گے اور کثیرالجہتی، تعاون اور قانون کے احترام کو قبول کریں گے۔