پشاور جلسے میں بدنظمی کے ذمے دار وزیراعظم ہوں گے، پی ڈی ایم

59

پشاور (آن لائن) پی ڈی ایم خیبر پختونخوا کی میڈیا کمیٹی نے واضح کیا ہے کہ 22 نومبر کو پشاورمیں ہونے والے جلسے میں اگر کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تو تمام تر ذمے داری وزیراعظم اور وزیر داخلہ پر عاید ہوگی، حکومت رکاوٹوں کے بجائے اپنی ذمے داری پوری کرے۔ گزشتہ روز پشاور میں پی ڈی ایم خیبر پختونخوا کی میڈیا کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں تمام پارٹیوںکے سیکرٹری اطلاعات نے شرکت کی۔ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفینگ دیتے ہوئے پیپلز پارٹی کی صوبائی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر روبینہ خالد کا کہنا تھا کہ بلاول زرداری کے بی بی سی کو دیے گئے انٹریو کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا جارہا ہے اور اس وقت حکومت پی ڈی ایم میں دراڑ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے تاہم ہم نے واضح کیا ہے کہ جو پی ڈی ایم کا بیانیہ ہے وہی بیانیہ پیپلز پارٹی کا ہے، اس وقت پی ڈی ایم کے خلاف پروپیگنڈا سیل چل رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام سیکرٹری اطلاعات کو 22 نومبر ہونے والے جلسے سے متعلق معلومات پہنچانے کیلیے مشترکہ لائحہ عمل تیار کیا گیا ہے جس میں میڈیا کے علاوہ تمام پارٹیوں کی سوشل میڈیا ٹیمیں حصہ لیں گی تاکہ جلسے میں ہونے والی تقاریر ملک کے کونے کونے تک پہنچ جائے۔