دعاگو ہیں ملک میں کہیں پیپلز پارٹی کی حکومت نہ آئے، فردوس نقوی

88

حیدرآباد (آن لائن) تحریک انصاف کے سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ ہم دعا گو ہیں کہ پاکستان کے کسی خطے میں پیپلزپارٹی کی حکومت نہ آئے کیونکہ پیپلزپارٹی بربادی کا سمبل ہے اور آصف علی زرداری ملک کی سب سے بڑی بیماری ہیں، وہ زر کے پجاری ہیں ، انہوں نے پیپلزپارٹی کو پاپا، پھپھو اور پپو پارٹی بنادیا ہے،چوروں کا ایک گروپ جس کا نام پاکستان ڈیوائڈ موومنٹ ہے وہ کبھی بلوچستان کی علیحدگی کی بات کرتا ہے اور کبھی سندھ کارڈ استعمال کرتا ہے، یہ کہتے ہیں کہ گلگت بلتستان کو بھی خدانخواستہ سندھ بنادیں گے جو حال انہوں نے سندھ کا کیا ہے پورا سندھ برباد ہوچکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدرآباد پریس کلب کے سامنے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کیخلاف نکالی گئی ریلی کے شرکاء سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہہمارے 22 کروڑ عوام اپنی فوج کے ساتھ کھڑے ہیں اور اس ملک کو میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کی ہم آنکھیں نکال دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے لیڈر اور پاکستان میں موجود ان کے آلہ کار کہتے ہیں کہ پاکستانیوں کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں، ہم تو شہادت کو عظیم رتبہ سمجھتے ہیں اور جو لوگ ملک اور دین کی خاطر جان دیتے ہیں وہ شہادت پر فائز ہوتے ہیں۔