حکومت روزگارکیلیے تعمیراتی شعبے کو دیے گئے پیکج کے اثرات کا جائزہ لے

62

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) اسلام آباد اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن کے سی ڈی اے کے لیے کوآرڈینیٹرنے کہا ہے کہ حکومت ملک میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلیے تعمیراتی شعبے کو دیے جانے والے پیکج کے اثرات کا جائزہ لے اور جہا ںجہاں رکاوٹیں ہیں انہیں مکمل ختم کیا جائے۔ اتوار کو میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے بجلی کا بل سبسڈائز کیا ہے جس سے کاروباری حلقے میں بہتری ہوئی ہے، حکومت کو آٹا اور چینی سمیت اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بھی کنٹرول کرنی چاہییں تاکہ عوام پریشان نہ ہوں، انہوں نے کہا کہ یہ بات درست ہے کہ ملکی معیشت کو ہینڈل کرنا سب سے مشکل کام تھا اور حکومت اسے بخوبی نبھا رہی ہے اور پیش رفت بھی ہورہی ہے، مسائل کے حل کیلیے پاکستان کا اپنے پائوں پر کھڑا ہونا بہت ضروری ہے تاکہ غیر ملکی قرضوں پر انحصار کم ہو، اسلام آباد کی بہتری کیلیے چیئرمین سی ڈی اے اور ڈپٹی کمشنر کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات قابل تعریف ہیں شہر کی بہتری کیلیے تاجر برادری حکومت کے ساتھ ہے۔