پختونخوا میں دہشت گرد پھر منظم ہوچکے ہیں،ایمل ولی خان

56

پشاور(آن لائن)عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ پورے صوبے میں دہشت گرد منظم ہورہے ہیں، دیر، سوات، بونیر، باجوڑ اور دیگر علاقوں میں بھتے وصول کیے جارہے ہیں۔ دیر میں لڑکیوں کے اسکولوں پر پابندی کے خطوط بھیجے جارہے ہیں لیکن تبدیلی سرکار کی نااہل حکومت اور طالبان کے ہمدرد ٹس سے مس نہیں ہورہے۔ پشاور میں طالبان کو دفتر دینے والے عوامی نیشنل پارٹی اور دیگر سیاسی جماعتوں کو طالبان کے حملوں سے ڈرارہے ہیں۔ چکدرہ تحصیل ادینزئی میں پاکستان مسلم لیگ ن تحصیل ادینزئی کے صدر گل منیر ایڈوکیٹ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنان و مقامی قائدین کی اے این پی میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایمل ولی خان نے کہا کہ 22نومبر کا جلسہ سلیکٹڈ کو گھر بھیجے گا جبکہ اس سے پہلے 11نومبر کو پختون شہدا کی تضحیک کرنے والے سلیکٹڈ اور سیاسی لوٹے وزیرداخلہ کو گھر بھیجیں گے۔ سلیکٹرز نے ایک غیرسیاسی شخص کو وزارت داخلہ جیسی اہم ذمے داری سونپی ہے۔ یہی سیاسی لوٹا اگر لاکھوں پشتونوں کے جذبات کے ساتھ کھیلے گا تو ہم خاموش نہیں رہیں گے۔