سیرت النبیﷺ پر عمل کرکے ہی انسان کامیاب ہوسکتا ہے

45

سکھر( نمائندہ جسارت)ایوانِ صنعت و تجارت سکھر کی جانب سے دسویں رحمتہُ لِّلعَالمین ﷺ کانفرس سے منعقد ہوئی ،کانفرس سے چاروں مکاتبِ فکر کے جید علما کرام مفتی محمد ابراہیم قادری، قاری جمیل احمد،مفتی حافظ محمد شہزادقادری،مفتی سعود افضل ہالیجوی،مولانا عبدالرحمٰن ثاقب ،الحاج سید عالم شاہ موسوی،ہندو مذہب سے ڈاکٹر دوارکا داس،عیسائی مذہب سے رینونن پادری سلیم مکھن سمیت دیگر نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ حضرت محمد ﷺ وجہہ ئِ تخلیقِ کائنات ہیں۔ دین متین اسلام اللہ کے رسول ﷺ کے کمالِ اوصاف حسنِ خلق ، صلہ رحمی، چھوٹوں پر شفقت، انسانوں سے محبت کی وجہ سے کُل عالم پر چھا گیا۔ رسول اللہ ﷺ اللہ تعالیٰ کی کُل تخلیقِ کائنات کیلیے رحمتہُ لِّلعَالمین بنا کر بھیجے گئے۔ رسول اللہ ﷺ کی حدیث کہ کامل مومن وہ ہے جو ماں باپ، اپنی اولاد اور اپنی جان سے بھی زیادہ محبت رسول اللہ سے کرے۔ سیرت النبیﷺ پر عمل کرکے ہی انسان کامیاب ہوسکتا ہے۔ رسولِ اکرم ﷺ خاتم النبیین ہیں ۔ نبوت کا سلسلہ محمد ﷺ کی آمد سے ختم ہوگیا۔عالمِ اسلام کے مسلمان دنیا کے کسی بھی خطے یا فقہے سے متعلق ہوں سب عقیدہ ئِ ختمِ نبوت پر متفق و یکجا ہیں۔ تقریب کے آغاز کیلیے تلاوت کلامِ پاک کا شرف مولانا محمد عثمان فیضی حسینی کو حاصل ہوا جبکہ مولانا محمد رضوان خان قادری نے نعت خوانی سے محفل میں سماں باندھ دیا۔ قبل ازیں صدرِ ایوان محمد دین نے استقبالیہ کلمات کے ساتھ علمائے کرام کو خوش آمدید کہااور اُن کی آمد پر اُن کا شکریہ ادا کیا ۔ تقریب میں سینئر نائب صدر علی جبران، نائب صدر محمد عامر فاروقی سابق صدور انجینئر عبدالفتاح شیخ اور محمد رفیق ڈوسانی، مجلسِ انتظامیہ اور ایوان کے اراکین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران محمد محسن فاروق نے گستاخِ رسول ﷺ کیخلاف ایک مذمتی قرار داد پیش کی جس کی حاضرینِ اجلاس نے متفقہ طور پر تائید کی اور مفتی صاحبان نے ہدایت کی کہ تاجروں کو چاہیے کہ فرانس کی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے۔