تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں کے پاس اہل افرا د موجود نہیں،جاوید قصوری

46

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران کا بیانیہ پٹ چکا ہے۔ عوام کو اداروں کے حوالے سے اضطراب میں مبتلا کرنا، غداری کے سرٹیفکیٹ بانٹنا اور اپوزیشن کو ملکی اداروں کے ساتھ لڑانے کے حوالے سے حکومتی وزرا کے بیانات قومی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ثابت ہوسکتے ہیں۔ حکمرانوں کی جانب سے متنازعہ بیانات کو ہوا دینا قابل مذمت ہے، درحقیقت عوام کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانے کے لیے حکمران اداروں کے پیچھے چھپنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں۔ حکومت اور اپوزیشن دونوں اداروں کی ساکھ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو صحیح سمت میں آگے بڑھنے کے لیے اداروں کا سیاست سے کردار ختم کرنا ہوگا۔ ادارے اپنی آئینی وقانونی حدود میں رہ کر کام کریں گے تو ہی پاکستان میں استحکام آئے گا۔ ہر قسم کی مداخلت کا سلسلہ اب ختم ہوجانا چاہیے۔ الیکشن کمیشن آزادانہ کام کرے اور ہر جگہ صرف اور صرف قانون کی رٹ قائم ہونی چاہیے۔ پاکستان تاریخ کے نازک دور سے گزر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران بھی ماضی کے حکمرانوں کے نقش قدم پر چل رہے ہیں۔ تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں کے پاس اہل افراد ہی موجود نہیں جن سے وہ ملک و قوم کی تقدیر بدل سکیں۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ایک طرف کاشتکاروں سمیت ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والا شخص حکومت کی ناقص پالیسیوں سے سخت نالاں ہے۔ انہیں ریلیف نام کی کوئی چیز میسر نہیں جبکہ دوسری طرف حکمرانوں کی ترجیحات میں صرف اور صرف اپوزیشن کو ملک دشمن اور غدار قرار دینا شامل ہے۔