شاعر مشرق علامہ اقبال کا 143 واں یوم پیدائش آج منایا جارہا ہے

153

لاہور: حکیم الامت شاعر مشرق، مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کا 143 واں یوم ولادت آج نہایت ہی عقیدت واحترام کے ساتھ منایا جارہا ہے، اس دن کی مناسبت سے سیالکوٹ سمیت ملک بھر میں تقریبات کا انعقاد کیا جائیگا۔

علامہ اقبال کے 143 ویں یوم ولادت پر مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد کی گئی جس میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے مزاراقبال پرحاضری دی اور پھول چڑھائے.

یوم ولادت کے موقع پر مزاراقبال پر پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے، پاک بحریہ کے اسٹیشن کمانڈر کموڈور نعمت اللہ خان نے بطور مہمان خصوصی مزار پر حاضری دی اور پھول چڑھائے جبکہ پاک رینجرز کا دستہ مزار اقبال پر گارڈز کے فرائض سے سبکدوش ہو جائے گا.

دوسری جانب صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عظیم مسلمان فلسفی اور شاعرعلامہ اقبال کو بھرپورخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے علیحدہ وطن کا خواب دیکھا، علامہ اقبال بڑے مفکر تھے، تحریروں اور شاعری سے مسلمانوں کو اتحاد کا درس دیا اور شاعرمشرق کے فلسفہ خودی پرعمل ہمیں ترقی کی نئی بلندیوں تک پہنچاسکتا ہے.