‘عمران خان کی صورت میں کورونا 2018 میں آگیا تھا’

202

مسلم لیگ ن کے مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف نے عمران خان کو پہلے ہی کہہ دیا بیٹا تم باہر رہو، یہ بڑوں کی لڑائی ہے۔

گلگت بلتستان میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ میں تو عمران خان کا نام بھی نہیں لینا چاہتی میری مجبوری ہے کہ مجھے عوام کے مجرم عمران خان کا نام  لینا پڑتا ہے، ان کو صرف ایک ہی کام آتا ہےاوروہ ہے انتقام،نوازشریف کی جماعت کو انتقام کا نشانہ بنایا گیا، نوازشریف عوام کیلئے کھڑے ہیں،نوازشریف کے مخالفین اخلاق سے گرے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جعلی حکومت فنڈزروک کربیٹھی ہے، جعلی حکومت سے کبھی درخواست نہیں کی اس جعلی حکومت کے نصیب میں عوام کی خدمت کرنا لکھا ہی نہیں، آپ کا حق ہے گوپس ضلع بنے، حکومت میں آنے کے بعد گوپس کو ضلع کا درجہ دیں گے،نوازشریف سے محبت کا رشتہ ان پہاڑوں جیسا بلند ہوگیا ہے، یہ اجتماع بتا رہا ہے گلگت بلتستان میں شیرآئے گا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ گزشتہ 5 سال میں یہاں لاکھوں سیاح آئے، دیامراوربھاشا ڈیم پرنوازشریف کی طرح کسی نے کام نہیں کیا، دیامر بھاشا ڈیم میں نوکری کیلئے پہلا حق مقامی لوگوں کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو جو بیماری لاحق ہے اس کا نام ہے عمران خان، کوڈ 19 کی بیماری 2018 میں ہی آگئی تھی یہ بیماری ماسک پہننے سے نہیں جائے گی، اٹھا کر باہر پھینکنا پڑے گا علاج مقصود ہو تو اس بیماری کا نام لینا پڑتا ہےادھر ادھر سے توڑ کر بنائی ہوئی جماعت کا نام تحریک انصاف ہےجس حکومت کا جہاز ڈوب رہا ہو اس میں کوئی سوار نہیں ہوگا، چھلانگ لگائے گا۔