تیس کروڑکی کرپشن:ن لیگی رہنما ملک اسلم نوید ساتھی سمیت گرفتار

70

سرگودھا (صباح نیوز) 30کروڑ روپے کی کرپشن کے الزام پر اینٹی کرپشن حکام نے سابق میئر سرگودھا لیگی رہنما ملک اسلم نوید کو ساتھی سمیت گرفتار کرلیا جبکہ ان کے 2 ساتھیوں کی گرفتاری کیلیے چھاپے مارے جارہے ہیں، اینٹی کرپشن حکام کے مطابق سابق میئر سرگودھا اسلم نوید نے میئر شپ دور میں اپنی پرائیویٹ رہائشی اسکیم خیابان نوید میں غیر قانونی طور پر محکمہ ریونیو کے عملے سے مل کر 8 ایکڑ سرکاری اراضی جس کی مالیت 30 کروڑ روپے سے زائد ہے پر قبضہ کرکے فروخت کردی تھی، جس کی شکایت پر ڈی جی اینٹی کرپشن کے حکم پر تحقیقات کے بعد ملک اسلم نوید، ان کے ساتھی ریجنل ڈائریکٹر پاسپورٹ فواد طارق چیمہ اور پٹواری محمد اسلم، اخترعلی ہاشمی وغیر ہ کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا، جنہیں اس کیس میں گرفتار کرلیا گیا، سرکل آفیسر اینٹی کرپشن ملک محمد اکرم نے بتایا ہے کہ سابق میئر کو ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا ہے، گرفتار ہونے والوں میں اسلم نوید کا ملازم اختر علی ہاشمی شامل ہے۔