وفاقی وزیرداخلہ کی معافی قبول‘ اے این پی کا اسلام آباد جلسہ منسوخ

62

پشاور (خبر ایجنسیاں ) وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ نے اے این پی کے جرگے میں طالبان سے متعلق بیان پر معافی مانگ لی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ اور وزیر دفاع پرویز خٹک نے اے این پی کے رہنماؤں کے ساتھ ملاقات کی جس میں ایمل ولی خان نے اے این پی کی نمائندگی کی۔حکومتی وزراء اور اے این پی کے رہنماؤں کی ملاقات باچا خان مرکز میں ہوئی۔باچا خان مرکز میں اے این پی کی جانب سے ایک جرگے کا انتظام کیا گیا تھا جس میں وفاقی وزیر کے بیان اور اے این پی کی جانب سے دھرنا دیے جانے کے اعلان کے متعلق امور پر بات چیت ہوئی۔ جرگے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ نے کہا کہ میری بات سے جو تاثر لیا گیا میرا وہ مقصد نہیں تھا، میں سارے پختونوں سے معذرت کرتا ہوں۔پشاور میں آج بہت عزت ملی ہے، پختونوں کا شکر گزار ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کے جرگے کا پی ڈی ایم جلسے سے کوئی تعلق نہیں ہے، یہ حالات جلسے جلوسوں کے حوالے سے موزوں نہیں ہیں۔ کورونا وبا میں تیزی آتی جا رہی ہے، ان حالات میں کسی کا بھی جلسہ یا دھرنا خطرناک ہو سکتا ہے۔ اس موقع پر وزیردفاع پرویز خٹک نے کہا کہ وزیرداخلہ کے بیان سے جو غلط فہمی پیدا ہوئی ہے وہ دور کردی گئی ہے۔ اے این پی نے جرگا قبول کیا جس پر ان کا شکر گزار ہوں۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے اے این پی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ ہم نے اپنے مطالبات واپس لے لیے ہیں ، اے این پی کا 11نومبر کا اسلام آباد جلسہ بھی منسوخ کردیا ہے۔ایمل ولی خان نے کہا کہ پشتون قوم کی یہ روایت رہی ہے کہ وہ گھر آئے دشمنوں کو بھی معاف کردیتے ہیں اور وزیر داخلہ نے باچا خان مرکز اکر نہ صرف عوامی نیشنل پارٹی سے معافی مانگی بلکہ یہ معافی پوری پشتون قوم سے مانگی۔