قائداعظم ٹرافی کا تیسرا رائونڈ مکمل

139

کراچی(اسٹاف رپورٹر)قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کا تیسرا رائونڈ پیر کو مکمل ہوگیا، خیبرپختونخوا نے اسپنرز ساجد خان اور خالد عثمان کی عمدہ بولنگ کی بدولت سدرن پنجاب کو 75رنز سے ہرادیا جبکہ ناردرن نے سندھ کو128 رنز سے شکست دے دی تاہم سینٹرل پنجاب اور بلوچستان کے درمیان کھیلا گیا فرسٹ کلاس میچ ڈرا ہوگیا۔ نیشنل بینک اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے گئے میچ میں خیبرپختونخوا نے اسپنرز ساجد خان اور خالد عثمان کی عمدہ بولنگ کی بدولت سدرن پنجاب کو 75رنز سے ہرادیا۔ ساجد خان نے میچ میں 9 جبکہ خالد عثمان نے 6کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ میچ کے آخری روز263رنز کے تعاقب میں سدرن پنجاب کی ٹیم دوسری اننگز میں 187رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ خالد عثمان نے میچ کی دوسری اننگز میں 4 جبکہ ساجد خان نے 3وکٹیں حاصل کیں۔ عمر صدیق 56 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ اس سے قبل 16 رنز کی برتری سے دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی کے پی کی ٹیم میچ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر 246 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ اوپنر مصدق احمد 86 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔پہلی اننگز میں کے پی کے 304 رنز کے جواب میں سدرن پنجاب کی ٹیم پہلی اننگز میں 288رنز بناکر آئوٹ ہوگئی تھی۔ حسین طلعت نے 131 رنز بنائے تھے۔ اسی طرح یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے گئے میچ میں ناردرن نے سندھ کو128 رنز سے شکست دے دی۔
مڈل آرڈر بیٹسمین سعود شکیل کی 176 رنز کی مزاحمت بھی سندھ کومیچ بچانے میں کامیاب نہ کرسکی۔ فاتح ٹیم کے کپتان نعمان علی نے میچ میں 10 وکٹیں حاصل کیں۔ 423 رنز کے مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں سندھ نے میچ کے آخری روز 3 وکٹوں کے نقصان پر 77 اسکور سے اپنی دوسری اننگز کادوبارہ آغاز کیا تو سعود شکیل نے حریف بولرز کے سامنے بھرپور مزاحمت جاری رکھی۔ بائیں ہاتھ کے مڈل آرڈر بیٹسمین176 رنز پر ہمت ہارگئے۔ ان کے علاوہ سندھ کا کوئی بھی بلے باز لمبی اننگز کھیلنے میں ناکام رہا اور وقفے وقفے سے آئوٹ ہوکر پویلین واپس لوٹتا رہا۔ پہلی اننگز میں 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھانے والے اسپنر نے دوسری اننگز میں بھی 5 وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل 111 رنز کی سبقت سے دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی ناردرن کی ٹیم نے سرمد بھٹی اور حماد اعظم کی سنچریوں کی بدولت 6 وکٹوں کے نقصان پر 311 رنز پر دوسری اننگز ڈکلیئر کردی تھی۔ سرمد بھٹی 108 رنز بناکر آئوٹ ہوئے جبکہ حماد اعظم 100 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے ۔ پہلی اننگز میں ناردرن کے 328 رنز کے جواب میں سندھ کی ٹیم 217 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ نیشنل اسٹیڈیم میں سینٹرل پنجاب اور بلوچستان کے درمیان کھیلا گیا فرسٹ کلاس میچ ڈرا ہوگیا۔ میچ کے آخری روز 263 رنز کے مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں سینٹرل پنجاب کی ٹیم میچ کے اختتام پر 7 وکٹوں کے نقصان پر 225 رنز ہی بناسکی۔ کپتان اظہر علی 95 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ محمد سعد نے 47 رنز بنائے۔ بلوچستان کے عماد بٹ نے میچ میں 8 وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل 55 رنز کی سبقت سے دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی بلوچستان کی ٹیم میچ کے آخری روز 213 رنز پر آئوٹ ہوگئی ۔ احمد صفی عبداللہ نے میچ میں 7 جبکہ وقاص مقصود نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔پہلی اننگز میں بلوچستان کے 306 رنز کے جواب میں سینٹرل پنجاب کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 251 رنزبنا کر آئوٹ ہوگئی تھی۔