سابق کرٹرز کی اظہر علی کو ٹیسٹ کپتانی سے ہٹانے کی مخالفت

66

کراچی(اسٹاف رپورٹر)قومی ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف اور دنیا کے تیز ترین فاسٹ بولر شعیب اختر نے ٹیسٹ کپتان اظہر علی کو عہدے سے ہٹانے کی مخالفت کردی ۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے 45 سالہ سابق ٹیسٹ فاسٹ بولر شعیب اختر کا کہنا ہے کہ اظہر علی کو کپتانی سے ہٹانا ان کے ساتھ ناانصافی ہوگی ، کرکٹرز کے خلاف ہونے والی سازشیں اب بند ہونی چاہیئیں۔دوسری جانب قومی ٹیم کے 52سالہ سابق کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز راشد لطیف کا کہنا تھا کہ بار بار کپتان بدلا جائے تو ٹیم کے معاملات خراب ہونے لگتے ہیں ، جب سرفراز احمد کو بھی کپتانی سے ہٹایا گیا تھا تو انہوں نے کہا تھا کہ پی سی بی کو تینوں فارمیٹس کے لیے ایک کپتان نہیں ملے گا اور کرکٹ بورڈ اپنی غلطی کو دہرانے جارہا ہے۔راشد لطیف کا مزید کہنا تھا کہ بابراعظم کے بہترین بلے باز ہونے پر کوئی سوال نہیں لیکن ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے بعد اگر انہیں دورہ نیوزی لینڈ کے لیے ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی بھی دے دی گئی تو اس مشکل دورے میں بطور بلے باز ان پر دبائو مزید بڑھ جائے گا ۔یاد رہے کہ میڈیا میں خبریں گردش کررہی تھیں کہ بورڈ کے اجلاس میں اظہر علی سے ٹیسٹ کپتانی واپس لینے کا فیصلہ کرلیا جائے گا اور نئے کپتان کا اعلان بھی آج متوقع تھا۔تاہم بورڈ کے اجلاس میں اس قسم کا کوئی ایجنڈا زیر بحث نہیں آیا ۔ ذرائع کے مطابق میڈیامیں موضوع بننے کی وجہ سے فالحال اس فیصلے کو موئخر کردیا گیا ہے۔