کوئٹہ ،کوسٹ گارڈزکی کارروائیاں، چرس، چھالیہ برآمد

71

کوئٹہ، لسبیلہ (نمائندہ جسارت) پاکستان کوسٹ گارڈز کی اسمگلنگ کیخلاف مختلف کارروائیوں میں کروڑوں روپے کی چرس، چھالیہ، غیر ملکی سگریٹ، نان پیڈ کسٹم گاڑیاں، انڈین گٹکا برآمد کرنے کے علاوہ پاک ایران بارڈر سے 11 تارکین وطن کو گرفتار کرلیا گیا۔ پاکستان کوسٹ گارڈز کے ترجمان کے پریس ریلیز کے مطابق ضلع لسبیلہ کے علاقے وندر میں واقع ناکہ کھارڑی چیک پوسٹ پرکوئٹہ سے کراچی جانے والی مسافر کوچ میں سوار دو مسافروں سے 9 کلو گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد کرکے مسافر اسمگلرز کو حراست میں لے لیا گیا جبکہ مختلف گاڑیوں کی تلاشی کے دوران 6,323 کلو گرام چھالیہ، 1060 اسٹک غیر ملکی سگریٹ، 972 پیکٹ انڈین گٹکا اور متفرق اشیا برآمد کر کے 1 کوچ، 1 کار اور 3 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ ایک اور کارروائی میں کوئٹہ سے کراچی غیر قانونی طریقے سے اسمگلنگ کی جانے والی نان کسٹم پیڈ 5 عدد ٹیوٹا ہائی لیکس کو کاغذات نہ ہونے کی وجہ سے تحویل میں لے کر 9 افراد کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ سپر ہائی وے کراچی سے دوران چیکنگ 2 ٹرکوں سے 7,350 کلو گرام چھالیہ اور 17,340 پیکٹ انڈین گٹکا برآمد کر کے 3 افراد کو حراست میں لے لیا۔ ایک اور کارروائی میںگوادر کے قریب پاک ایران باڈر سے 11 تارکین وطن کو گرفتار کیا گیا جو کہ تمام پاکستانی شہری ہیں اور غیر قانونی طور پر بیرون ملک سے پاکستان آنے کی کوشش کررہے تھے۔ تمام اسمگل کی جانے والی منشیات، چھالیہ، متفرق اشیا، 9 عدد گاڑیاں اور 28 افراد کو پاکستان کوسٹ گارڈز نے اپنی تحویل میں لے کر مزید تفتیش کررہی ہے۔ پکڑی جانے والی منشیات، گاڑیاں، چھالیہ اور متفرق اشیا کی مالیت تقریباً کروڑوں روپے کے لگ بھگ ہے۔ پاکستان کوسٹ گارڈز اس امر کا اعادہ کرتی ہے کہ مستقبل میں بھی اس طرح کی کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی، تا کہ وطن عزیز کو اسمگلنگ کی لعنت سے نجات دلائی جاسکے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بھرپور طریقے سے بروئے کار لایا جائے گا۔