عوام نے اعتماد کیا تو گلگت بلتستان کے بنیادی مسائل حل کردیں گے

66

گلگت(وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے انتخابات کی شفافیت پر سوال اٹھے تو عوام کا جمہوریت پر اعتماد اٹھ جائے گا ،جماعت اسلامی گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق کے حصول کی سب سے بڑی علمبردار ہے ،باقی جماعتیں زبانی جمع خرچ کرتی ہیں جبکہ جماعت اسلامی عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے ،عوام نے اعتماد کیا تو گلگت بلتستان کے بنیادی مسائل 5سالوں میں حل کردیں گے ،مقبوضہ کشمیر کے عوام گزشتہ 16ماہ سے یرغمال ہیں اس موقع پر آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کی حیثیت بارے تعین کے فیصلے کرنا شہداء کے خون سے بے وفائی کے مترادف ہے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی گلگت بلتستان مشتاق ایڈووکیٹ،مرکزی نائب امیر ارشد ندیم ایڈووکیٹ،مولانا عبدالسمیع ،اسماعیل شریعت یار،حبیب الرحمن،تنویر حیدری، نظام الدین سمیت دیگر قائدین نے گفتگو کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ عین انتخابات کے موقع پر صوبوں کا سبق پڑھنے والے گلگت بلتستان کے عوام کے احساسات اور جذبات سے کھیل رہے ہیں یہ موسمی پرندے انتخابات کے موقع پر سامنے آتے ہیں اور لوگوں کو جعلی اعلانات کے ذریعے دھوکا دیتے ہیں عوام ان کو پہچانیں اورانہیں مسترد کریں۔ انہوں نے کہاکہ گلگت بلتستان میں بجلی کا بحران بے روزگاری کا سیلاب ،کرپشن نا انصافی کا دور دورہ ہے جماعت اسلامی اس فرسودہ اور کرپٹ نظام کو ختم کر کے اس کی جگہ اسلام کا عادلانہ اور منصفانہ نظام قائم کرنے کی جدوجہد کررہی ہے جماعت اسلامی صحت ،تعلیم کامفت انتظام کرے گی ظلم نا انصافی اور کرپشن کا خاتمہ کریں گے میرٹ پر روزگار کا اہتمام کریں گے ،ملازمتوں میں مقامی افراد کو ترجیحی بنیادوں پر کوٹہ دلوائیں گے ڈیمز کی رائلٹی دلوانے کے لیے بھرپور کوشش کریں گے۔اس موقع پر انہوں نے کہاکہ گلگت بلتستان کے عوام انتخابات کے ذریعے ایسے لوگوں کو اسمبلی میں پہنچائیں جو امانتدار اور دیانتدار ہوں کرپٹ لوگوں کومسترد کریں ۔