مزارقائد بےحرمتی معاملے پرآئی جی سندھ کےتحفظات پر پاک فوج نے انکوائری مکمل کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ذمے داریوں سے ہٹادیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق مزار قائد کی بے حرمتی کے پس منظر میں 18 اکتوبر کےواقعے پر آئی جی سندھ کے تحفظات پر آرمی چیف کی ہدایت پر بنائی گئی انکوائری مکمل کر لی گئی ہے۔
کورٹ آف انکوائری کی سفارشات پر متعلقہ افسران کو ذمے داریوں سے ہٹادیا گیا جب کہ ضابطے کی خلاف ورزی پرافسران کیخلاف کارروائی جی ایچ کیو میں کی جائے گی۔
آئی جی سندھ مشتاق مہر کے مبینہ اغوا کے معاملے پر آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کورکمانڈر کو تحقیقات کا حکم دیا تھا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈی جی آئی ایس آئی سے مطالبہ کیا تھاکہ وہ ن لیگی رہنما کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے خلاف ایف آئی آر کے اندارج اور ان کی گرفتاری سے پہلے آئی جی سندھ سے متعلق مبینہ واقعے کا نوٹس لیں اور اس معاملے کی محکمامہ تحقیقات کروائیں۔
بلاول کی پریس کانفرنس ہی کے دوران فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری کردہ ایک اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر باجوہ نے کراچی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کراچی کور کمانڈر کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس معاملے سے منسلک حقائق کا تعین کریں اور جلد از جلد اپنی رپورٹ پیش کریں۔