اپوزیشن جماعتوں نے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت سے انکار کردیا

177

پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ(پی ڈی ایم)میں شامل سیاسی جماعتوں نے اسپیکر قومی اسمبلی اسدقیصر کی جانب سے11نومبر کو طلب کئے گئے پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت سے انکار کر دیا،جس کے بعد پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ملتوی کر دیا گیا ہے،اجلاس میں عسکری حکام کی جانب سے قومی سلامتی کے موجودہ امور پر بریفنگ دی جانی تھی۔منگل کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت قومی اسمبلی اور سینیٹ میں پارلیمانی رہنماؤں کا مورخہ 11نومبر کو ہونے والا اجلاس ملتوی کر دیا گیا۔اجلاس میں قومی سلامتی کے امور پر بریفنگ دی جانی تھی۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے اجلاس کے ملتوی ہونے کا نوٹس جاری کر دیا ہے۔قبل ازیںپی ڈی ایم کے سیکریٹری اطلاعات میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں اسپیکر قومی اسمبلی کی 11 نومبر کو بلائی گئے پارلیمانی پارٹیز کے اجلاس میں شریک نہیں ہوگی ،صدر پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمن نے اتحاد کی تمام جماعتوں سے مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے ،حکومت مہنگائی اور پاکستان کے عوام کے مسائل پر قابو پانے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہر محاذ پر حکومتی ناکامی نیشنل سکیورٹی کے لئے حقیقی خطرہ بن چکی ہے ،اسپیکر قاعدے قانون اور پارلیمانی روایات کے مطابق قومی اسمبلی چلانے میں ناکام ہوچکے ہیں،سپیکر قومی اسمبلی میں اپوزیشن کی آواز مسلسل دبا رہے ہیں،عوام کو درپیش مسائل کو قومی اسمبلی میں اٹھانے پر قدغنیں لگائی جارہی ہیں ،آئین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ریاست کے امور کو چلایاجارہا ہے،ان حالات میں کوئی بامعنی بات چیت نہیں ہوسکتی۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی سپیکر قومی اسمبلی 2بار پارلیمانی رہنمائوں کا اجلاس طلب کر چکے ہیں مگر اپوزیشن جماعتوں کے بائیکاٹ کی وجہ سے اجلاس ملتوی کر دئیے گئے تھے۔