مالکان کو ہدایت، بچوں کی دیکھ بھال کے مراکز قائم کیے جائیں

199

ریاض: سعودی حکومت نے مختلف شاپنگ مالز میں کام کرنے والی خواتین کی مشکلات کے پیش نظر فیصلہ کیا ہے کہ تجارتی مراکز اور مالز میں بچوں کی دیکھ بھال کیلئے مراکز قائم کیے جائیں گے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق سعودی وزارت بلدیہ و دیہی امور نے 40 ہزار مربع میٹر یا اس سے زیادہ بڑے تمام تجارتی مراکز اور مالز کے مالکان کو ہدایت کی ہے کہ بچوں کی دیکھ بھال کے لیے کم از کم 50 مربع میٹر کی جگہ مخصوص کریں اور وہاں پر خصوصی چائلڈ کیئر سینٹرز کا اہتمام کیا جائے۔

میڈیا رپورٹ کےمطابق سعودی وزارت بلدیہ و دیہی امور کے حکم پر ان مراکز میں بچوں کی مہمان نوازی اور ان کی ضروریات کےمکمل لوازمات مہیا کیےجائیں گے اور وزارت کی جانب سے اس ہدایت کا مقصد ملازمت پیشہ خواتین کو مکمل بااختیار بنانا ہے تاکہ وہ تجارتی مراکز میں آسانی سے خدمات انجام دے سکیں اور بچے ان کی ملازمت میں رکاوٹ نہ بنیں۔

واضح رہے سعودی عرب کے تمام بڑے شہروں کے ہر علاقے میں بڑے شاپنگ مالز قائم ہیں جہاں خواتین کے ملبوسات اور متعلقہ اشیا کی دکانوں پر خواتین ملازمت کررہی ہیں اور  وزارت کی اس ہدایت سے سعودی عرب کے نجی شعبہ میں ملازمت پیشہ خواتین کے لیے کام کرنے کے زیادہ مواقع میسر آئیں گے اور نجی شعبہ میں ورکنگ وومن کا تناسب بڑھانے میں مدد حاصل ہو گی۔