شنگھائی تعاون تنظیم کی ہیڈز آف اسٹیٹ کونسل کا 20 واں اجلاس روس کی زیرصدارت آج ہوگا. وزیراعظم عمران خان سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے، دوپہر 2 بجے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کریں گے.
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کو اجلاس میں شرکت کی دعوت روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے دی ہے جو ایس سی او سربراہ اجلاس کی صدارت کریں گے جبکہ پاکستان کی جانب سے اعلیٰ سطح کا وفد اجلاس میں شرکت کر رہا ہے.
شنگھائی تعاون تنظیم کی ہیڈز آف اسٹیٹ کونسل کے اجلاس میں 8 ممالک کے ارکان سمیت 4 ممالک کے مبصرین بھی شریک ہونگے، پاکستان، چین، روس،بھارت، قازقستان، کرغیزستان، ازبکتستان سمیت تاجکستان تنظیم کے ارکان ہیں.
ترجمان کے مطابق اجلاس میں اقوام متحدہ اور شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل بھی شریک ہوں گے، شنگھائی تعاون تنظیم سربراہ کونسل کا اعلی ترین فورم ہے.
یاد رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کی ہیڈز آف اسٹیٹ کونسل کا اجلاس جولائی کے مہینے میں شیڈول تھا لیکن کووڈ 19 کے باعث ملتوی کردیا گیا تھا.