تربیلا میں پاک روس مشترکہ فوجی مشقیں ’’دروزبہ فائیو‘‘ جاری

58

راولپنڈی (آن لائن)پاکستان اور روس کی خصوصی فورسز کے درمیان مشترکہ فوجی مشقیں دروزبہ 5 تربیلا میں جاری ہیں۔ ترجمان افواج پاکستان میجر جنرل بابر افتخار کے مطابق ان مشقوں میں پاکستان اور روس کے کمانڈوز انسداد دہشت گردی کی مشقوں میں مصروف ہیں اور ساتھ ساتھ ہی اسکائی ڈائیونگ کی تیاریوں میں بھی مصروف عمل ہیں ۔ترجمان نے مزید بتایا کہ کھیلوں کی سرگرمیاں بھی ان مشقوں کا حصہ ہیں یہ مشقیں 2 ہفتے تک جاری رہیں گی۔ پاکستان اورروس کے درمیان دروزبہ کے نام سے یہ ہونے والی یہ پانچویں مشقیں ہیں اس سے قبل 2 مشقیں پاکستان اور 2 مشقیں روس میں منعقد ہو چکی ہیں ۔دروزبہ کا مقصد دوستی ہے اور ان مشقوں کے ذریعے پاکستان اور روس کے مابین دفاع ،عسکری اور انسد اد دہشت گردی کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائیگا ۔