پی ٹی آئی کی حکومت آنے سے وطن عزیز عذاب کی لپیٹ میں ہے ،جاوید قصوری

81

لاہور (نمائندہ جسارت) امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ پاکستان اللہ تعالی کی ایک بہت بڑی نعمت ہے جو وسائل سے مالا مال ہے ۔ملک میں کسی قسم کی کوئی کمی نہیں ہے۔ پاکستان اسلام کے نام پر وجود میں آیا تھا مگرآج بدقسمتی سے کچھ لوگ اس بات کی نفی کر رہے ہیں کیونکہ وہ پاکستان کے اسلامی تشخص کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں ۔پاکستان جس نظریے کی بنیاد پر وجود میںآیا تھااس کی تکمیل ابھی تک نہیں ہوئی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج عام آدمی کو انصاف میسر نہیں۔ عدالتوں کے چکر لگانے کے باوجود کہیںشنوائی نہیں ہوتی۔ پاکستان ایک زرعی ملک ہے مگرآٹا اورچینی جیسی بنیادی اشیا کی قیمتیں بھی آسمان کو چھور ہی ہیں۔آٹا 80 روپے فی کلو اورچینی 115 روپے فروخت ہو رہی ہیں ۔ملک میں امن وامان کی صورتحال انتہائی خراب ہے ۔ موجود ہ حکمرانوں نے عوام کو بڑے بڑے خواب دکھائے مگر دوسالوں میں یہ ثابت ہو گیا کہ ان کے پاس صلاحیت ہے ، وژن ہے اورنہ ہی نیت ہے ۔ جب سے تحریک انصاف کی حکومت برسراقتدار آئی ہے پاکستانی قوم مسلسل عذاب کی لپیٹ میں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے یہ طے کیا ہے کہ ہم حکمرانوںکے ظلم وستم کے خلاف عوامی حقوق کی آواز بلند کرتے رہیں گے ۔عوام کو لے کر میدان عمل میں آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ ماضی کی اقتدار والی پارٹیاں بھی اپنے اوپر کیسزکے خاتمے کے علاوہ کچھ نہیں چاہتی۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ہم موجودہ ظالمانہ نظام کے خلاف سراج الحق کی قیادت میں نکلیں گے۔ جماعت اسلامی کا پیغام یہی ہے کہ احتساب کے نظام کو غیر جانبدار ہونا چاہیے ۔ملکی ترقی کی خاطر لوٹی ہوئی دولت پاکستان واپس لانی ہوگی ۔ ہم نئی نسل کو ایسا پاکستان دینا چاہتے ہیں جہان انصاف کا بول بالا اور امن ومان کا گہوار ہ ہو۔