اپوزیشن ملک دشمنی پر اتر آئی، ہر حربہ ناکام بنائیں گے، وزیراعظم

83
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے چاروں صوبوںکے وزرائے اعلیٰ ملاقات کررہے ہیں

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن ملک دشمنی پر اترآئی ہے، ہر حربہ ناکام بنائیں گے۔بدھ کو وزیر اعظم کی زیر صدارت حکومتی ترجمانوں کا اجلاس ہواجس میں کئی وفاقی وزرا،مشیران اورمعاونین بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں قومی امور پر مشاورت کی گئی ۔ اپوزیشن کے بیانیے ،ملکی معیشت، مہنگائی اور گلگت بلتستان الیکشن سے متعلق غور کیا گیا۔عمران خان نے ترجمانوں کو ہر محاذ پر اپوزیشن کا مقابلہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ قومی بیانیے پر فرنٹ فٹ پر آکر کھیلیں۔ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن ذاتی مفاد کی خاطر ملک دشمنوں کی زبان بول رہی ہے، ان دنوں گلگت بلتستان میں اپوزیشن کا سرکس لگا ہوا ہے۔ مختلف سروے رپورٹس کے مطابق گلگت بلتستان میں پی ٹی آئی کو واضح برتری حاصل ہے۔وزیراعظم کے مطابق اپوزیشن نے قومی سلامتی کے امور پر بھی سیاست کی۔ عوام ان جماعتوں کے عزائم جان چکے ہیں۔حکومتی ترجمانوں سے گفتگو میں وزیر اعظم نے کہا کہ مہنگائی سے متعلق ہماری صوبائی حکومتیں ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کررہی ہیں، ملکی معیشت کے مثبت اشاریے اپوزیشن کے لیے پریشان کن ہیں۔ عمران خان نے یہ بھی کہا کہ آئندہ چند دنوں میں آٹے اور چینی کی قیمت میں واضح کمی آئے گی۔