اسلام آباد (اے پی پی)وفاقی وزیر برائے انسداد منشیات اعظم خان سواتی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کی مختلف ادوار میں کرپشن کی ایک سیاہ داستان ہے، اس نے سیاست کو کاروبار بنایا ہوا ہے اور اس کا کام صرف لوٹ کھسوٹ کر کے مال بٹورنا ہے، عوام کے مسائل حل کرنے کیلیے آج تک کچھ نہیں کیا گیا، کراچی کی سڑکوں اور اسپتالوں کی حالت دیکھ کر دکھ ہوتا ہے، حکومت کے لیے بڑا مسئلہ اپوزیشن نہیں مہنگائی ہے، ذخیرہ اندوزی کر کے مصنوعی مہنگائی کی گئی ہے تاہم حکومت اس پر قابو پانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کراچی واقعے کے حوالے سے خود احتسابی کے عمل کو پایا تکمیل تک پہنچایا ،قوم ان کے کردار کو سراہا رہی ہے۔پی ڈی ایم 11 نوسر بازوں کا مجموعہ ہے ،انہیں ناکامی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نظام کو چکما دے کر بیرون ملک گئے تھے،انہیں عدالتوں کا سامنا کرنا چاہیے۔ حکومت مصنوعی مہنگائی پر قابو پانے کے لیے منا پلی توڑنے کے علاوہ فراہمی کو مضبوط کر رہی ہے ، وزیراعظم مہنگائی کے جن کو بوتل میں بند کرنا چاہتے ہیں، حکومت مہنگائی پر قابو پانے کے لیے صوبائی حکومتوں کو ساتھ لیکر چلنا چاہتی ہے لیکن سندھ حکومت تیار نہیں ہے، سابقہ حکومتوں نے کھربوں روپے کی سبسڈی دیکر اس نظام کی بنیادوں کو کھوکھلا کیا ہے تاہم مافیا کی نشاندہی ہو گئی ہے اور اب چیزیں بہتری کی جانب جائیں گی۔