اسلم رئیسانی کے 21ارب ،علیم خان کے ڈیڑھ ارب کے اثاثے، تفصیلات جاری

48

اسلام آباد ( آن لائن)الیکشن کمیشن نے پنجاب اور بلوچستان اسمبلی کے اراکین کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کر دی ہیں ،بلوچستان کے سابق وزیر اعلیٰ اسلم رئیسانی 21ارب روپے کے اثاثوں کے ساتھ امیر ترین پارلیمنٹرین بن گئے ، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار8کروڑ 45لاکھ ، حمزہ شہباز کے اثاثوں کی مالیت 41 کروڑ ، رانا مشہود 5 کروڑ ، ساجدہ یوسف پنجاب اسمبلی کی غریب ترین رکن ہیں ان کے بینک اکاؤنٹ میں 217 روپے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق عثمان بزدار 8 کروڑ 45 لاکھ کے اثاثوں کے مالک ہیں ،ان کی 2 لگژری گاڑیاں اور 4 ٹریکٹر ، 20 تولہ سونا ، اندرون یا بیرون ملک کوئی کاروبار نہیں ہے۔پنجاب کے صوبائی وزیر علیم خان کے ڈیڑھ ارب کے اثاثے ہیں، ان کے ذمے 74 کروڑ رقم بطور قرض واجب الادا ہے ۔اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہٰی 22 کروڑ کے اثاثوں کے مالک ہیں ، وزیر قانون راجا بشارت 2 کروڑ 93 لاکھ کے اثاثے ہیں۔ صوبائی وزیر راجہ راشد حفیظ 11 کروڑ کے مالک ہیں۔ اعجاز خان جازی کے صرف 2 لاکھ 74 ہزار روپے کے اثاثے ہیں، ان کے پاس گاڑی ہے نہ زیورات کاروبار بھی کوئی نہیں۔ صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان کے پاس راولپنڈی میں 8لاکھ مالیت کا9 مرلے کا وراثتی گھر ہے ، راولپنڈی میں ہی 4 مرلے کا پلاٹ اور2 لاکھ روپے کا فرنیچر ،بینک میں13 لاکھ 38 ہزار روپے ہیںفیاض الحسن کی جانب سے 64 لاکھ 56 ہزار 718 روپے کی ناقابل واپسی رقم ٹرانسفر کی گئی ہے ۔ اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کے اثاثے41 کروڑ روپے کے ہیں۔ احمد خان 5 کروڑ ،میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن 13 کروڑ، رانا مشہود 5 کروڑاوروزیر تعلیم پنجاب مراد راس 24 لاکھ کے اثاثوں کے مالک ہیں، ذاتی گاڑی ہے نہ طلائی زیورات ۔صوبائی وزیر عمار یاسر 2 کروڑ ، یاسر ہمایوں 6 کروڑ ، اویس لغاری 11 کروڑ ، صوبائی وزیر صحت یاسمین راشد 2 کروڑ 39 لاکھ ، ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری 2 کروڑ 14 لاکھ اوران کی اہلیہ کے پاس ایک کلو سے زاید سونا ہے ۔راہ حق پارٹی کے رکن محمد معاویہ اعظم 66 لاکھ ، جگنو محسن 44 کروڑ اور ان کے شوہر نجم سیٹھی کے 23 کروڑ کے اثاثے بھی ظاہر کیے ہیں ۔ بلوچستان اسمبلی جان محمد جمالی ایک کروڑ 20 لاکھ روپے اور 40 ایکڑ زرعی زمین ،60 تولے سونا اور 25 لاکھ روپے مالیت کی گاڑی کے مالک ہیں ۔سردار یار محمد رند14 ہزار ایکڑ زرعی زمین ،ڈیرہ مراد جمالی میں 30لاکھ کا رہاشی پلاٹ ، کوئٹہ میں گھر، 2 کروڑ روپے اور اسلام آباد میں ساڑھے 3 کروڑ کا گھر ظاہر کیا ہے ،دبئی میں 2 اپارٹمنٹ کی قیمت 3 کروڑ 60 لاکھ روپے ،ویلاز کی 4 کروڑ 20 لاکھ روپے ظاہر کی ہے ان کے پاس 640 تولے سونا وراثتی اور2 کروڑ 80 لاکھ مالیت کی 4 گاڑیاں ، 12 لاکھ روپے کیش ،63لاکھ درہم اور 85 لاکھ روپے کا فرنیچر،25 کروڑ روپے کی زرعی اجناس اور 20 لاکھ روپے کا ذاتی اسلحہ ہے ۔نواب اسلم رئیسانی 21 ارب روپے کے اثاثے رکھنے والے امیر پارلیمنٹرین بن گئے ا ن کی زرعی زمین 19 کروڑ ، رہاشی پلاٹ 1ارب 79 کروڑ 67 لاکھ روپے ، 3 ارب 75 کروڑ گاڑیاں،اکاؤنٹ میں 51 کروڑ 38 لاکھ روپے ، 23 کروڑ روپے کے جانور ہیںان کی مالٹا میں 1ارب 73 کروڑ 58 لاکھ روپے سے زاید جائداد ہے۔