دورہ نیوزی لینڈ 35 رکنی کرکٹ ٹیم میں عثمان قادر بھی شامل

92

لاہور(نمائندہ خصوصی)قو می کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے دورہ نیوزی لینڈ کے لیے 35 رکنی قومی سکواڈ کااعلان کردیا ہے۔ا سکواڈ میں شامل کھلاڑی قومی کرکٹ ٹیم اور پاکستان شاہینز دونوں کے لیے دستیاب ہوں گے۔ قومی اسکواڈ 23 نومبر کونیوزی لینڈ کے لیے روانہ ہوگا۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین 3 ٹی ٹوئنٹی اور 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز 18 دسمبر سے 7 جنوری تک جاری رہے گی، اس دوران پاکستان شاہینز کو 2 چار روزہ اور 4 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے ہیں۔ پاکستان شاہینز کے دورہ نیوزی لینڈ کی مکمل تفصیلات نیوزی لینڈ کرکٹ جلد جاری کردے گا۔اسکواڈ میں بابراعظم (کپتان)،محمد رضوان (نائب کپتان ٹیسٹ کرکٹ)، شاداب خان (نائب کپتان ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل)، اظہر علی، سرفراز احمد (وکٹ کیپر)، محمد حفیظ، فواد عالم،عابد علی، عبداللہ شفیق، فخر زمان، امام الحق، شان مسعود، ذیشان ملک، دانش عزیز، حیدر علی، حارث سہیل، حسین طلعت، عمران بٹ افتخار احمد، خوش دل شاہ، روحیل نذیر (وکٹ کیپر)، عماد وسیم، یاسر شاہ، عثمان قادر، ظفر گوہر، عماد بٹ، فہیم اشرف، حارث رئوف، محمد عباس، محمد حسنین، محمد موسیٰ، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، سہیل خان اور وہاب ریاض شا مل ہیں۔قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے تمام کرکٹ ایسوسی ایشنز کے ہیڈکوچز، جونیئر کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اعجاز احمد اورہیڈ آف انٹرنیشنل پلیئرز ڈویلمپنٹ ثقلین مشتاق سے مشاورت کے بعد اسکواڈ کو حتمی شکل دی۔ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نوجوان بلے باز ذیشان ملک، آل رائونڈر دانش عزیز، بلے باز عمران بٹ اور آل رائونڈ ر عماد بٹ دورہ نیوزی لینڈ کے لیے اعلان کردہ سکواڈ کا حصہ ہیں۔متاثرکن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے عثمان قادراور عبداللہ شفیق کے علاوہ زمبابوے کے خلاف قومی سکواڈ میں شامل وکٹ کیپر بلے باز روحیل نذیر کو دورہ نیوزی لینڈ کے لیے بھی قومی سکواڈ میں برقرار رکھا گیا ہے۔ دورہ نیوزی لینڈ کے حوالے سے قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ کوویڈ۔19 کے باعث ہمیں نیوزی لینڈ میں 14 روزہ قرنطینہ کی مدت پوری کرنی ہے۔