بالی ووڈ اداکار آصف بصرا نے ہماچل پردیش کے کانگڑا ضلع کی جوگی باڑا روڈ پر واقع ایک کیفے کے پاس خود کشی کرلی ہے۔
غیر ملکی نیوز ایجنسی کے مطابق آصف بصرا کی خودکشی کی وجہ کا تاحال پتہ نہیں چل پایا ہے تاہم کانگڑا کے ایس پی ومکت رنجن نے اداکار کی خودکشی کی تصدیق کی ہے۔
مقامی افراد کی جانب سے حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی جس کے بعد لاش کو قبضے میں لے کر معاملے کی تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
پولیس کے بیان کے مطابق اداکار آصف بصرا گزشتہ پانچ سالوں سے میکلوڈ گنج میں ایک کرائے کے مکان میں ایک غیرملکی خاتون دوست کے ساتھ رہائش پذیر تھے۔
اداکار دوپہر کو اپنے پالتو کتے کو گھمانے نکلے تھے۔ اس کے بعد گھر واپس آکر انہوں نے پالتو کتے کی ہی رسی سے پھندا لگا کر خودکشی کا ارتکاب کیا۔ ابتدائی جانچ میں پتہ چلا ہے کہ وہ ڈپریشن کا شکار تھے تاہم ڈپریشن کی وجہ فی الوقت معلوم نہیں ہوسکی ہے۔