ہالینڈ میں سعودی سفارتخانے پر حملہ

216

ہالینڈ میں سعودی سفارتخانے پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی، واقعے میں کسی شخص کے زخمی یا ہلاک ہونے کی اطلاعات نہیں ملیں۔

مقامی میڈیا کے مطابق نیدرلینڈز کے شہر ہیگ میں سعودی عرب کے سفارتخانے پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی، عمارت پر 20 گولیوں کے نشانات ہیں جبکہ کھڑکیوں میں کچھ سوراخوں کی تصاویر بھی میڈیا پر دکھائی گئیں، چلائی جانے والی گولیوں کی ٹھیک تعداد کی تصدیق نہیں ہوسکی۔

پولیس کے مطابق جائے وقوعہ کو سیل کردیا گیا اور فارنزک ٹیمیں تحقیقات کررہی ہیں۔

سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق جیسے ہی یہ ’بزدلانہ‘ حملہ کیا گیا سعودی سفارتخانے کے سیکیورٹی اہلکاران نے اس کی اطلاع نیدرلینڈ کی سیکیورٹی سروسز کو کردی، بعد ازاں سفارتخانے کی عمارت کو حفاظتی عملے کی جانب سے چاروں طرف سے گھیر لیا گیا، واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔

سعودی حکومت نے نیدرلینڈز میں سفارتخانے پر حملے کی مذمت کردی۔ سعودی حکومت نے کہا ہے کہ وہ تحقیقات کے نتائج کا انتظار کررہی ہے اور امید کرتی ہے کہ اس واقعے کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

واضح رہے کہ سعودی عرب کے شہر جدہ میں بدھ کے روز فرانسیسی اور دیگر سفارت کاروں کے زیرِ اہتمام پہلی جنگ عظیم کی یاد میں ہونیوالی تقریب کے دوران بم دھماکا ہوا تھا جس میں کم از کم دو افراد زخمی ہوئے تھے۔