کراچی: پی ایس ایل ٹیموں کی آمد و رفت، شہری پریشان

154

کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو کے بقیہ میچز کراچی میں منتقل ہونے کے بعد شہر قائد کے باسی سڑکوں پر رل گئے۔

خبررساں ادارے کے مطابق  پی ایس ایل میچز کے دوران پاکستان آئے ہوئے غیر ملکی کھلاڑیوں کے لیے غیرمعمولی اقدامات کیے گئے ہیں اور جو شہریوں کے لیے دردِ سر بن گئے۔

تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل میچز کی وجہ سے مرکزی سڑک شاہراہ فیصل شہر کی مصروف ترین شاہراہ ہے جہاں ہر وقت ٹریفک کی روانی رہتی ہے تاہم یہی سڑک اس وقت ٹیموں کو ہوٹل سے لے کر نیشنل اسٹیڈیم اور پھر اسٹیڈیم سے لے کر ہوٹل جاتی ہے۔

پی ایس ایل کے میچز سے قبل پریکٹس میچ مختلف اوقات میں کھیلے جارہے ہیں جس کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے سیکیورٹی اداروں کی جانب سے سخت سیکیورٹی فراہم کی جارہی ہے اور اسی وجہ سے ان کی آمد و رفت کے دوران روڈ، ٹریفک کے لیے بند کردی جاتی ہے جبکہ پریکٹس کے دوران اسٹیڈیم کے اطراف کے راستے مکمل بند کردیے گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ہوٹل اور اسٹیڈیم کے درمیان تقریباً 10 کلو میٹر کے اس فاصلے پر سیکیورٹی ہائی الرٹ ہونے کے ساتھ ساتھ عوام کے لیے بھی پریشانی کا باعث رہی ہے جبکہ اس دوران دفتر سے گھر جانے والے یا اپنے کاروباری مقامات پر جانے والے افراد کو پہلے کافی دیر تک بند ہونے والے ٹریفک میں اپنی گاڑی کھڑی کرکے وہاں انتظار کرنا پڑتا ہے اور  پی ایس ایل ٹیم کے گزر جانے کے بعد جب ٹریفک بحال کی جاتی ہے تو اس کے بعد بھی لوگوں کو اس سست روی سے چلنے والے ٹریفک میں مزید وقت لگ جاتا ہے۔

دوسری جانب اسٹیڈیم کے اطراف رہائشی اور کاروبار کرنے والے بہت مشکل کا شکار ہیں، ایک رہائشی کا کہنا ہے کہ ایک دم سے سڑکوں پر ٹرک لگا کر بند کردی گئی ہے اور قریب جانا ہو تو کئی کئی کلو میٹر سفر کرنا پڑتا ہے اوپر سے ٹریفک جام الگ ہورہا ہے۔

واضح رہے  سموگ کی وجہ سے  پی ایس ایل 5 کے باقی میچز 14 ،15 اور 17 نومبر کو نیشنل اسٹیڈیم  میں کھیلے جائیں گے۔