کراچی میں پی ایس ایل فائیو کا پہلا میچ 14 نومبر کو کراچی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی کی گورنر سندھ عمران اسماعیل سے اہم ملاقات ہوئی ہے۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق ملاقات میں پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے گورنر عمران اسماعیل کو پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کا پلے آف میچ دیکھنے کی دعوت دے دی جو 14 نومبر کو رات 8 بجے شروع ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے سبب 17 مارچ کو پاکستان سپر لیگ کو غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردیا گیا تھا اور اس وقت پلے آف میچز کا انعقاد ہونا باقی تھے جبکہ بین الاقوامی سطح پر کھیلوں بالخصوص کرکٹ کی سرگرمیاں بحال ہونے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے ستمبر میں سپرلیگ کے بقیہ میچز کے دوبارہ انعقاد کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے تحت ایونٹ کے پلے آف میچز 14 نومبر سے دوبارہ منعقد ہورہے ہیں اور پہلے دن دو میچ ہوں گے جو پہلا دوپہر 3 بجے ملتان سلطان اور کراچی کنگز کا ہو گا جبکہ رات 8 بجے پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کا ہوگا۔
دوسری جانب ملاقات کے موقع پر گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو کے میچز کا انعقاد خوش آئند ہے اور تمام ٹیموں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔
واضح رہے پی ایس ایل کے لیے ٹریفک پولیس کراچی نے ٹریفک پلان جاری کردیا ہےاور لیاقت آباد سے براستہ حسن اسکوائر فلائی اوور سے بھی نیشنل اسٹیڈیم تک نے کی اجازت نہیں ہوگی اور یونیورسٹی روڈ سے براستہ نیو ٹاؤن نیشنل اسٹیڈیم جانے والی سڑک بھی بند ہو گی جبکہ یونیورسٹی روڈ، شہید ملت روڈ اور راشد منہاس روڈ ٹریفک کے لئے کھلے رہیں گے۔